حکومت کا غیر ضروری اور لگژری اشیاء کی درآمد پر مکمل پابندی کا فیصلہ

پرتعیش اشیاء کی درآمد پر زرِمبادلہ خرچ نہیں ہونے دیں گے ، وزیر اعظم ۔۔ بڑی گاڑیوں ، مہنگے موبائل فونز ، کاسمیٹکس سمیت دیگر اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کر دی جائے گی ۔ وزارت تجارت اور ایف بی آر حکام

Sajid Ali ساجد علی بدھ 18 مئی 2022 13:59

حکومت کا غیر ضروری اور لگژری اشیاء کی درآمد پر مکمل پابندی کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 مئی 2022ء ) حکومت نے غیر ضروری اور پرتعیش اشیاء کی درآمد پر مکمل پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ، جس میں ملک کی معاشی تشویشناک صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں دیگر ممالک سے منگوائی جانے والی اشیاء کی فہرست وزیراعظم کو پیش کی گئی جب کہ حکام نے پرتعیش اشیاء کی مد میں اخراجات کی تفصیلات سے متعلق بھی اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دی ، شرکا نے معاشی مشکلات سے نمٹنے کےلیے سخت فیصلے کرنے پر اتفاق کیا جس کے نتیجے میں روپے کی بے قدری میں کمی آئے گی ۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے غیر ضروری اور لگژری اشیاء کی درآمد پر مکمل پابندی کا حکم دیا ، حکومتی فیصلے کا فوری طور پر اطلاق ہوگا ، اس حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ پرتعیش اشیاء کی درآمد پر زرِمبادلہ خرچ نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

ایکسپریس نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ وزارت تجارت اور ایف بی آر نے اشیائے تعیشات کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کی تیاری کرلی ، اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی منظوری کی سمری موصول ہونے پر امپورٹ پالیسی آرڈر میں ترامیم کی جائیں گی اور بڑی گاڑیوں، مہنگے موبائل فونز، کاسمیٹکس سمیت دیگر اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کر دی جائے گی ۔

 خیال رہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر نے ڈبل سینچری مکمل کر لی کیوں کہ پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر نے بلندیوں کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے اور ڈالر اوپن مارکیٹ میں 2 روپے مہنگا ہو کر 200 روپے کا ہو گیا جب کہ انٹربینک میں ڈالر 1 روپے 68 پیسے مہنگا ہوا اور یوں انٹربینک میں ڈالر 197.66 روپے کا ہو گیا ۔ اس حوالے سے ماہر معاشیات اور سابق ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ اس وقت ڈالر کی قیمت 180 سے نیچے ہونی چاہئیے تھی لیکن ملک میں عدم استحکام کی وجہ سے ڈالر کی قدر بڑھی ، فیصلہ سازی نہ ہونے سے زرِ مبادلہ جا رہا ہے مگر ملک میں نہیں آ رہا اور ڈالر مہنگا ہونے سے مہنگائی کا فوطان آئے گا ۔