نادرا آفس کو شہر سے 8 کلومیٹر باہر منتقل کرنا شہریوں خصوصاً خواتین کے لیے باعث اذیت ہے،شاہدہ اعجاز

بدھ 18 مئی 2022 23:04

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2022ء) نادرا آفس کا شہر سے 8 کلومیٹر باہر منتقل کرنا شہریوں خصوصاً خواتین کے لیے باعث اذیت ہے ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی صوبائی رہنما شاہدہ اعجازنے اپنے ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جیکب آباد جس کا شمار دنیا کے شدید گرم علاقوںمیں ہوتا ہے اور جہاں لوگ بنیادی سہولیات سے ویسے ہی محروم ہیں وہاں عوام خصوصاً خواتین کے لیے نادرا آفیس کا شہر سے 8 کلومیٹر دور منتقل کرنا نہ فقط ناقابل فہم عمل ہے بلکہ ایک ناقابل برداشت اذیت سے کم نہیں،شاہدہ اعجاز نے مزید کہا کہ نادرا آفیس باہر ہونے کے باعث وہاں عام عوام کے لیے پہنچنا علیحدہ سے ایک دشوار عمل ہے، سرکاری ٹرانسپورٹ کی سہولیات نہ ہونے پر مجبور عوام سے چنگچی رکشہ ڈرائیور من مانے کرائے وصول کر رہے ہیں علاوہ ازیں غیر معمولی رش اور آفیس روڈ پر واقع ہونے سے سادہ لوح دیہاتیوں، شہریوں کو ہر وقت ایکسیڈنٹ کا خطرہ رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ اس گھمبیر صورتحال کا فوری نوٹس لیکر آفیس کو شہر میں واپس منتقل کرنے کاجلد بندوبست کرے تاکہ سسکتے اور پسے ہوئے عوام کے دکھوں کا مداوا ہو سکے۔