کراچی بم دھماکوں کی تحقیقات میں اہم انکشافات

مِسنگ پرسن احتجاج میں شامل بے روزگار نوجوان ایس آر اے کا ٹارگٹ، نوجوانوں کے انتخاب اور مائل کرنے کا کام عاقب اور شازیہ کرتے ہیں جب کہ چانڈیو برادری کے دونوں افراد سوشل میڈیا نیٹ ورک کے ذریعے رابطے کرتے ہیں

Umar Nawaz عمر نواز جمعرات 19 مئی 2022 15:14

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 مئی 2022ء ) کراچی بم دھماکوں کی تحقیقات میں اہم انکشافات۔جیو نیوز کے مطابق مِسنگ پرسن احتجاج میں شامل بے روزگار نوجوان ایس آر اے کا ٹارگٹ، نوجوانوں کے انتخاب اور مائل کرنے کا کام عاقب اور شازیہ کرتے ہیں جب کہ چانڈیو برادری کے دونوں افراد سوشل میڈیا نیٹ ورک کے ذریعے رابطے کرتے ہیں۔تحقیقات میں بتایا گیا کہ اللّٰہ ڈنو حیدرآباد میں باورچی تھا، مِسنگ پرسن مظاہرے میں شرکت کیلئے گیا تھا، اللّٰہ ڈنو کی ذہن سازی کرکے دہشت گردی کیلئے آمادہ کیا گیا۔

تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم اللّٰہ ڈنو کو دہشتگردی کے احکامات اصغر نامی شخص نے دیئے، اصغر کی جانب سے اللّٰہ ڈنو کو احکامات کے شواہد بھی تحقیقات کا حصہ ہیں۔خیال رہے کہ شہر قائد میں ایک ماہ میں تین دھماکے ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی میں گزشتہ جمعرات کی شب ایک زور دار دھماکہ ہوا ، شہر کے مصروف ترین علاقے صدر میں ہونے والے دھماکے کے بعد متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئیں ، دھماکے کے نتیجے میں کئی افراد زخمی بھی ہو گئے ، پولیس نے دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ صدر کے علاقے مرشد بازار کے قریب پڑے کچرے میں ہوا ، دھماکہ اس وقت ہوا جب جائے وقوعہ کے قریب سیکورٹی فورس کی ایک گاڑی گزر رہی تھی، دھماکے میں اس گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ، دھماکے کے نتیجے موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا، عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جب کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سیل کر دیا گیا ۔