کے الیکٹرک کا شہر میں سول ورکس کے دوران حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر تشویش کا اظہار

جمعہ 20 مئی 2022 16:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) کے الیکٹرک (کے ای) کے ترجمان نے شہر میں سول ورکس کے دوران حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہر میں ہونے والے سول ورکس کے دوران مزدور اور کھدائی کرنے والا عملہ کے ای کے زیرزمین انفرا اسٹرکچر کے قریب سڑکیں کھود رہے ہیں۔صرف اپریل کے مہینے میں پورے کراچی میں 26 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جہاں غیرمجاز سول ورکس کے نتیجے میں کے ای کی ہائی وولٹیج بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا۔

ان میں کورنگی اور بن قاسم کے صنعتی زونز کے ساتھ ساتھ شاہراہ فیصل، سرجانی، بلدیہ اور گلشن کے رہائشی اور تجارتی علاقے بھی شامل تھے۔ 2021 اور 2022 کے دوران 818 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں کھدائی کے باعث کے ای انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

صورتحال کی سنگینی پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈائریکٹر کمیونی کیشنز اور ترجمان کے الیکٹرک عمران رانا نے کہا کہ ایک ذمہ دار کارپوریٹ ادارے کے طور پر کے ای شہر کے بنیادی ڈھانچے کی فعالیت کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔

اگر سول ورکس سے قبل کے الیکٹرک کو مطلع کردیا جائے تو کسی بھی افسوسناک واقعے سے بچا جاسکتا ہے۔ ہم تمام شہری اداروں سے پُرزور اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ تعاون کریں، تاکہ ہم اپنے نیٹ ورک کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ سول ورکس میں مصروف مزدوروں کی حفاظت کو بھی یقینی بنا سکیں اور قابل اعتماد و بلاتعطل بجلی کی فراہمی تسلسل سے جاری رہے۔

کے الیکٹرک کا ترسیل و تقسیم کا انفرا اسٹرکچر 6500 مربع کلومیٹر کے علاقے میں پھیلا ہوا ہے، جو ہائی اور کم وولٹیج لائنوں کے نیٹ ورک کے ذریعے صارفین کو بجلی پہنچاتا ہے۔ پورے شہر میں یہ انفرا اسٹرکچر متعلقہ شہری حکام کی منظوری اور حفاظت کے سخت ترین معیارات کی تعمیل کرتے ہوئے نصب کیا گیا ہے۔ کے ای اور دیگر یوٹیلیٹی کمپنیاں اگر اپنے نیٹ ورک کو منتقل کرنا چاہتی ہیں یا مینٹیننس کے لیے کھدائی کرنا چاہتی ہیں تو انہیں نئے سرے سے اجازت اور منظوری لینی ہوگی۔

اسی طرح سول ورکس کرنے والے کسی ادارے یا فرد کے لیے بھی کے ای کو مطلع کرنا ضروری ہے، تاکہ وہ اس سرگرمی کی نگرانی کرسکے اور بجلی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ کی صورت میں رہائشیوں کو پہلے سے مطلع کیا جاسکے۔ بدقسمتی سے روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں سے اکثر غیر رسمی معاہدوں کے ذریعے کام لیا جاتا ہے اور انہیں مناسب اقدامات کے بغیر کام شروع کرنے کو کہا جاتا ہے۔

اس سے کے ای کی زیرزمین لائنوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے۔ ان لائنوں میں کرنٹ ہوتا ہے، جس سے زخمی ہونے یا جانی نقصان کا خطرہ رہتا ہے۔ بعض اوقات سنگین صورتحال میں نقصان کے نتیجے میں علاقے کی بجلی بھی معطل کرنا پڑتی ہے۔سول ورکس کرنے سے قبل ادارے اور افراد اپنے کام کی مکمل تفصیلات اور تاریخ کے بارے میں کے ای کے کسٹمر کیئر سینٹر کو مطلع کریں، تا کہ متعلقہ علاقے میں خدمات انجام دینے والی ٹیموں کو آگاہ کیا جاسکے۔ مزید برآں کام کی مکمل تفصیلات [email protected] پر ای میل کی جاسکتی ہیں، جسے مزید کارروائی کے لیے متعلقہ ٹیموں کو بھیج دیا جائے گا۔ کے ای کراچی شہر کو محفوظ، قابل بھروسہ اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔