Live Updates

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ؛ انتخابی قوانین میں اہم ترامیم منظور کرانے کا فیصلہ

ترامیم میں آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے کرانے کا عمران خان حکومت کا فیصلہ واپس لینے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ووٹ کا حق واپس لینے کی ترمیم بھی شامل ہے ۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 مئی 2022 16:52

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ؛ انتخابی قوانین میں اہم ترامیم منظور کرانے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 مئی 2022ء ) حکومت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں انتخابی قوانین میں اہم ترامیم منظور کرانے کا فیصلہ کرلیا ۔ اے آر وائی نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے آئندہ انتخابات الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے کرانے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے عمران خان حکومت کے فیصلوں کو رول بیک کرنے کے لئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں انتخابی قوانین میں اہم ترامیم منظور کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ حکومت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں انتخابی قوانین میں جو اہم ترامیم منظور کرانے کا منصوبہ بنایا ہے ان میں آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے کرانے کا تحریک انصاف کی حکومت کا فیصلہ واپس لینے کی ترمیم بھی شامل ہے ، ان ترامیم میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ووٹ کا حق واپس لینے کی ترمیم بھی شامل ہے تاہم اس کے متبادل کے طور پر اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پارلیمنٹ میں نشستیں مختص کرنے کی تجویز شامل کیے جانے کا امکان ہے ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا ہے ، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 26 مئی کو سہہ پہر 4 بجے طلب کیا گیا ہے ، صدر مملکت کی جانب سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 ون کے تحت طلب کیا گیا ہے ۔ دوسری طرف پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے باعث اس وقت سیاسی صورتحال شدت اختیار کر چکی ہے ، مختلف شہروں سے پی ٹی آئی رہنما قافلوں کی شکل میں لانگ مارچ کے لیے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہیں ، کارکنان کی جانب سے رکاوٹیں عبور کرکے آگے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ پولیس کی جانب سے کارکنان پر شیلنگ بھی کی گئی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات