Live Updates

حمزہ شہباز کی حرکتوں کے اثرات بڑوں پر ہوں گے ، پرویز الٰہی

بچے کو اتنی بڑی چز پکڑا دی ہے کہ وہ کھلونا سمجھ کر کھیل رہا ہے ، آئی جی اور چیف سیکریٹری حمزہ شہباز کے ذاتی ملازم بنے ہوئے ہیں ، عدالت میں چیزیں لے کر جارہے ہیں ، قانون کے مطابق حساب لیا جائے گا ۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 27 مئی 2022 19:48

حمزہ شہباز کی حرکتوں کے اثرات بڑوں پر ہوں گے ، پرویز الٰہی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 مئی 2022ء ) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز بچوں والی حرکتیں کر رہا ہے اس کے اثرات بڑوں پر ہی ہوں گے اور آپ دیکھیں گے یہ اثرات دنوں میں آئیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچے کو اتنی بڑی چز پکڑا دی ہے کہ وہ کھلونا سمجھ کر کھیل رہاہے ، آئی جی اور چیف سیکریٹری حمزہ شہباز کے ذاتی ملازم بنے ہوئے ہیں ، آئین میں بھی یہ چیز نہیں کہ قومی اسمبلی کا اسپیکر آکر حلف لے، عدالت میں چیزیں لے کر جارہے ہیں ، قانون کے مطابق حساب لیا جائے گا ، اوورسیز پاکستانیوں کے حق کے لیے عدلیہ کے پاس جارہے ہیں ، مذاکرات چوروں سے نہیں ہوتے اس لئے عدلیہ سے کردار ادا کرنے کو کہا ہے ، پہلے بھی عدلیہ کے فیصلے کی بدولت لوٹے ڈی نوٹیفائی ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ عدلیہ کےحکم کےباوجود ابھی تک رہائی کا عمل مکمل نہیں ہو سکا اور ہمارے ایم پی ایز کو جیلوں میں ڈالا گیا ہے ، ان سے تو امید نہیں کی جاسکتی یہ تو جھوٹ بولتے ہیں ، ان کی نوکریاں ختم ہوں گی ، ایک ایک سے حساب لیا جائے گا ، پریولیج ایکٹ کے تحت ہم ان کو4 ماہ کی سزائیں دیں گے ، عمران خان نے حکومت کو 6 روز کی مہلت دی ہے، یہ نہ سمجھنا کہ ڈیل ہوگئی ہے انہیں الیکشن کا اعلان کرنا ہوگا ، عمران خان نے درست کہا ہے کہ عدلیہ اس صورتحال کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صرف پٹرول نہیں ڈیزل سمیت دو بم گرائے گئے ، اس سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 50 فیصد اضافہ ہوگا ، سبزیاں اور پھلوں کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی ، کسان ڈیزل کا استعمال کرتے ہیں ، جس کی قیمتیں اب آسمانوں پر ہیں ، اس مہنگائی میں غریب تو پس کر رہ جائے گا ، نواز شریف کہتا تھا رات میں ڈاکا مارا گیا تو اب کیا دن میں ڈاکا مارا ہے؟۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات