شموزئی مردان میں مخہ کے مقابلے ختم، شموزئی مخہ کلب نے فائنل جیت لیا

ہفتہ 4 جون 2022 23:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2022ء) محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام روایتی کے گیمز کے سلسلے میں شموزئی مردان میں مخہ کے مقابلے ختم ہوگئے۔ فائنل میں شموزئی مخہ کلب نے بابوزئی مخہ کلب کو شکست دیکر ٹائٹل جیت لیا۔ فائنل کے موقع ریجنل سپورٹس افسر مردان نعمت اللہ خان مروت مہمان خصوصی تھے، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس جمشید بلوچ، ڈسٹرکٹ سپورٹس افسر مردان افزار محمد، خیبر پختونخوا مخہ ایسوسی ایشن کے صدر امجد حسین یوسفزئی اور صحافی ارشد یوسفزئی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب میں ممتاز صحافی رحیم اللہ یوسفزئی مرحوم کی مخہ کے فروغ کے لئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ علاقے کی تعمیر وترقی اور مخہ کے فروغ کے لئے مرحوم کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ریجنل سپورٹس افسر نعمت اللہ مروت نے شموزئی کاٹلنگ میں مخہ کے لئے الگ میدان بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ صوبائی مخہ مقابلے شموزئی کاٹلنگ میں منعقد کئے جائیں گے۔

انہوں نے دونوں ٹیموں کو بہترین کھیل پیش کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ڈائریکٹوریٹ سپورٹس روایتی کھیلوں کی بحالی کے لئے کردار ادا کررہا ہے جس سے نوجوانوں اور نئی نسلوں کو ثقافت اور روایتی کھیلوں سے جڑے رہنے کا موقع ملے گا۔ مخہ ایسوسی ایشن کے صدر امجد حسین یوسفزئی نے ڈائریکٹوریٹ سپورٹس کی مخہ کے فروغ کے لئے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔