پاکستان کا جھنڈا اورنام بغیر اجازت استعمال کرنا ممنوع ہے‘ پاکستان سپورٹس بورڈ

بدھ 20 اگست 2025 12:23

پاکستان کا جھنڈا اورنام بغیر اجازت استعمال کرنا ممنوع ہے‘ پاکستان ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء) پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایک نوٹس میں خبردار کیا ہے کہ پاکستان کا جھنڈا اور نام وفاقی حکومت کی اجازت کے بغیر استعمال کرنا ممنوع ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے معطل شدہ ویٹ لفٹنگ فیڈریشن پر پاکستان کا نام اور جھنڈا استعمال کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔

بورڈ نے اعلامیے میں کہا ہے کہ پی ایس بی آئین 2022 کے مطابق صرف الحاق شدہ فیڈریشنز قومی کہلا سکتی ہیں، غیر الحاق شدہ غیر رجسٹرڈ تنظیمیں نام پاکستان استعمال کرنے کی مجاز نہیں ہیں، وہ پاکستان کا نام استعمال نہیں کر سکتیں اور کھیل منظم کرنے کی حق دار نہیں۔بورڈ کا کہنا ہے کہ ویٹ لفٹنگ فیڈریشن پی ایس بی سے معطل ہے اور کمپنیز ایکٹ سیکشن 42 کے تحت رجسٹرڈ نہیں ہے، اس لیے پی ڈبلیو ایل ایف پاکستانی قوانین اور آئی ڈبلیو ایف آئین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، جب کہ آئی ڈبلیو ایف کی ویب سائٹ پر پی ڈبلیو ایل ایف کا اسٹیٹس عارضی طور پر معطل درج ہے، عارضی معطلی ممبر فیڈریشن کے آئینی فرائض پورے نہ کرنے پر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

اسپورٹس بورڈ نے کہا ہے کہ 25 ویں پی ایس بی میٹنگ 6 جولائی 2022 میں پی ڈبلیو ایل ایف کو معطل کیا گیا تھا، یہ معطلی بے ضابطگیوں، بدعنوانیوں اور اینٹی ڈوپنگ کوڈ خلاف ورزیوں پر کی گئی تھی، جب کہ معطل عہدیداران کے خلاف انکوائری بھی جاری ہے۔بورڈ کے مطابق انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی رپورٹ میں عمران بٹ اور عرفان بٹ پر ڈوپنگ قوانین خلاف ورزی ثابت ہو چکی ہے، ڈوپنگ خلاف ورزیاں ممنوعہ ادویات رکھنے، پلانے اور اعانت پر تھیں۔

بورڈ کے مطابق یکم فروری 2025 کے انتخابات پی ایس بی آئین اور ہائی کورٹ فیصلے کی خلاف ورزی ہیں، الیکشن کمیشن سے نوٹیفکیشن کے بغیر انتخابات غیر قانونی قرار دیے گئے۔پاکستان اسپورٹس کا کہنا ہے کہ پی ڈبلیو ایل ایف کو پاکستان کا نام، کھیل منظم کرنے اور نمائندگی کا کوئی اختیار نہیں ہے، یہ معاملہ ایف آئی اے کو قانونی کارروائی کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔