ایشیاء کپ میں پاکستان کیخلاف کھیلنا بھارتی کھلاڑیوں کی مجبوری ہے : سنیل گواسکر

کھلاڑی بھارتی کرکٹ بورڈ، حکومتی احکامات پر عمل کرتے ہیں، اگر حکومت نے ایک فیصلہ کیا ہے تو اس پر کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ کیوں بنایا جا رہا ہے: سابق بھارتی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 20 اگست 2025 11:42

ایشیاء کپ میں پاکستان کیخلاف کھیلنا بھارتی کھلاڑیوں کی مجبوری ہے : ..
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 اگست 2025ء ) سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف کھیلنے کو بھارتی کھلاڑیوں کی مجبوری قرار دے دیا۔
76 سالہ سنیل گواسکر نے بھارتی کرکٹرز کے حق میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کے پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے پر تنقید نہیں ہونی چاہیے۔ کھیلنا یا نہ کھیلنا اس میں کھلاڑیوں کا کوئی عمل دخل نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا ہے کہ کھلاڑی بھارتی کرکٹ بورڈ اور حکومت کے احکامات پر عمل کرتے ہیں، اگر حکومت نے ایک فیصلہ کیا ہے تو اس پر کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ کیوں بنایا جا رہا ہے۔ 
سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ آخر کار کھلاڑی بی سی سی آئی کے کنٹریکٹ میں ہیں اور وہ حکومت سے ہدایات لیتے ہیں، اس معاملے میں کھلاڑی لاچار ہیں اور وہ صرف ایشیا کپ کھیلنے کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

 
ان کا مزید کہنا ہے کہ اگر حکومت انہیں کہتی ہے کہ کھیلو تو وہ کھیلیں گے اور اگر حکومت انہیں منع کرتی ہے تو وہ نہیں کھیلیں گے۔ 
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ 2025 کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ 
سکواڈ میں سوریا کمار یادیو، شبمن گل، ابھیشیک شرما، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، اکسر پٹیل، وکٹ کیپر بیٹر جیتیش شرما، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی، کلدیپ یادیو، وکٹ کیپر بیٹر سنجو سیمسن، ہرشیت سنگھ رانا اور رنکو سنگھ شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 ستمبر کو میچ شیڈول ہے اور اگر ان دونوں ٹیموں نے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا تو ممکنہ ٹاکرا 21 ستمبر کو ہوگا اور پھر فائنل میں پہنچنے کی صورت میں ایشیا کپ میں پاک بھارت تیسرا ٹاکرا بھی ممکن ہے جو 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔