/منشیات سے پاک پشاور مہم

مخصوص ادویات ڈاکٹری نسخے کے بغیر دینے پرضلع کے مختلف علاقوں سے 22 فارمیسی و میڈیسن سٹور منیجرز گرفتارکرلئے گئے ہیں،ڈپٹی کمشنر شفیع اللہ خان

جمعہ 17 جون 2022 22:15

3پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جون2022ء) صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں منشیات سے پاک پشاور مہم زور و شور سے جاری ہے اور انتظامی افسران نے پشاور کے مختلف علاقوں میںفارمیسی و میڈیکل سٹوروں کا معائنہ کرتے ہوئے ڈاکٹری نسخے کے بغیر مخصوص ادویات دینے پر بیشتر منیجروں کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود اور ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر عزا ارشد نے چارسدہ روڈ پرفارمیسی و میڈیسن سٹوروں کا معائنہ کیا۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سیدہ زینب نقوی نے یونیورسٹی روڈ پرفارمیسی و میڈیسن سٹوروں کا معائنہ کیا جبکہ دیگر انتظامی افسران نے اپنے علاقوں میں بازاروں میںفارمیسی و میڈیسن سٹوروں کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ پشاور نے ان مخصوص ادویات کو ڈاکٹری نسخے کے بغیر فروخت کرنے پر پابند ی عائد کی ہوئی ہے جن کو منشیات کے عادی افرادکے استعمال کرنے کا خدشہ ہو اور اس حوالے سے فارمیسی و میڈیسن سٹور ایسوسی ایشن کو بھی اعتماد میں لے کر ہدایت کی گئی تھی کہ تمام فارمیسی و میڈیسن سٹوروں پر نمایاں بینرز لگائیں جس پر عوامی آگاہی کے لیے ان ادویات کی تفصیل درج کی گئی ہو اور سٹوروں کو ہدایت کی جائے کہ مخصوص ادویات ڈاکٹری نسخے کے بغیر فروخت نہ کریں ۔

لیکن اس کے باوجود کچھ سٹوروں میں مخصوص ادویات کو ڈاکٹری نسخے کے بغیر دیا گیا جس پر کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 22 فارمیسی و میڈیسن سٹور منیجرز کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے پشاور کے تمام فارمیسی و میڈیسن سٹور مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ مخصوص ادویات ڈاکٹری نسخے کے بغیر فروخت نہ کریں اور سٹوروں میں بینرز نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی

متعلقہ عنوان :