Live Updates

پاک فضائیہ نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا، ڈاکٹرراغب حسین نعیمی

جمعرات 8 مئی 2025 19:16

پاک فضائیہ نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا، ڈاکٹرراغب حسین نعیمی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ پاک فضائیہ نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا، بھارت کے طیارے اورڈرون گر انے سے قوم کا مورال بلند ہوا ہے،بہادر فوج نے بھارت کے 5 جہازاورڈرون گرا کر برتری ثابت کردی،تاریخی کامیابی پرپاک فضائیہ سمیت مسلح افواج کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں،پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ وطن کے دفاع کیلئے تیار ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ کے زیراہتمام گڑھی شاہو میں اظہاریکجہتی مظاہر ہ وریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ریلی میں مولانا محبوب احمد،مفتی عمران حنفی،ڈاکٹرسلیمان قادری،مفتی محمدمدنی،مولانا غلام مرتضی نقشبندی،قاری رفیق احمدنقشبندی،مولانا مسعود احمد سیالوی اورعلامہ غلام یاسین قادری سمیت جامعہ نعیمیہ کے اساتذہ وہزاروں طلبہ نے شرکت کی اورپاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

ریلی کی قیادت ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کی اوربھارتی جارحیت کیخلاف شرکاء نے شدید نعرے بازی کی ۔مظاہرین نعرہ تکبر،پاکستان زندہ باد،پاک فوج قدم بڑھائو، ہم تمارے ساتھ ہیں کے نعرے فضا میں بلند کرتے رہے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے مزید کہاکہ بھارتی جارحیت کا ہر سطح پر جواب دیا جائے گا،بھارت کی جانب سے ایئر اسٹرائیک نہیں بلکہ بزدلانہ عمل ہے جس میں اسے منہ کی کھانا پڑی۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے جوان ملکی دفاع اور بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر محاذ پر تیارہیں ،پاک فوج نے بھارتی حملے کوناکام بناکر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے، بھارتی جارحیت عالمی امن کے لیے خطرہ ہے، اقوامِ متحدہ سمیت عالمی اداروں کو چاہیے کہ وہ اس کا نوٹس لیں، بھارت کا مکروہ چہرہ ساری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکاہے،کم ظرف اور بزدل دشمن نے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں کون سا مذہب ہے جو عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کی اجازت دیتا ہے،بھارت نے پاکستان سمیت پوری دنیا میں دہشت گردی کو فروغ دیا،آج پوری قوم اپنی مسلح افواج کو سلام پیش کرتی ہے،جو طیارے بھارت کا غرور تھے، وہ اب راکھ اور نشان عبرت بن چکے ہیں،بھارت کے بزدلانہ حملوں سے 26 معصوم شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ پاک افواج دفاع پاکستان پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی، ملکی دفاع کے لیے پوری قوم یکجا ہے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات