عالمی مارکیٹ میں خام تیل سستا ہو گیا

برطانوی خام تیل کی قیمت 4 ڈالر سے زائد کی کمی کے بعد 110 ڈالرز فی بیرل کی سطح پر آگئی

muhammad ali محمد علی بدھ 22 جون 2022 21:21

عالمی مارکیٹ میں خام تیل سستا ہو گیا
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون2022ء) عالمی مارکیٹ میں خام تیل سستا ہو گیا، برطانوی خام تیل کی قیمت 4 ڈالر سے زائد کی کمی کے بعد 110 ڈالرز فی بیرل کی سطح پر آگئی۔ تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں واضح کمی ہونے کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں دوران ٹریڈنگ برطانوی اور امریکی خام تیل کی قیمتوں میں واضح کمی ہوئی ہے۔

امریکی خام تیل کی قیمت 4 ڈالر 49 سینٹ کمی کے بعد 105 ڈالر 3 سینٹ فی بیرل جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمت 4 ڈالر 33 سیںٹ کمی کے بعد 110 ڈالر 32 سینٹ فی بیرل کی سطح تک آگئی ہے۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی معیشت میں سست روی کے باعث خام تیل کی طلب میں کمی ہوئی ہے، اسی باعث تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پاکستانی معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا تو یہ پاکستان کیلئے بہت فائدہ مند ہو گا۔

یہاں واضح رہے کہ پاکستان برطانوی خام تیل کا خریدار ہے۔ گزشتہ ہفتے تک عالمی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 120 ڈالر کی سطح پر موجود تھی۔ تاہم امریکا اور دیگر کئی مغربی ممالک کی جانب سے شرح سود میں غیر معمولی اضافہ کیے جانے کے بعد عالمی مارکیٹ میں اثرات پڑنے لگے۔ عالمی معیشت میں سست روی آنے کی اطلاعات پر تیل کی عالمی مارکیٹ پر بھی اثر پڑا اور چند روز کے دوران ہی برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت میں 10 ڈالرز تک کی کمی ہو چکی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے پاکستان کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے بھی ردعمل دیا گیا۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ امید ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آئے گی، ایسا ہونے پر پاکستان بھی صورتحال کا فائدہ اٹھائے گا۔