Live Updates

خواجہ آصف سے ماہرنفسیات کے کلئیر قرار دینے تک وزارت واپس لینی چاہیے

خواجہ آصف کو دفاع کا وزیر لگانا خطرناک ہے، خواجہ آصف ماضی قریب میں ہونے والے صدمے سے متاثر ہیں۔ ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری کا خواجہ آصف کے بیان پرردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 27 جون 2022 22:17

خواجہ آصف سے ماہرنفسیات کے کلئیر قرار دینے تک وزارت واپس لینی چاہیے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون 2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ خواجہ آصف سے ماہرنفسیات کے کلئیر قرار دینے تک وزارت واپس لینی چاہیے، خواجہ آصف کو دفاع کا وزیر لگانا خطرناک ہے، خواجہ آصف ماضی قریب میں ہونے والے صدمے سے متاثر ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر وزیردفاع خواجہ آصف کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ خواجہ آصف کو دفاع کا وزیر لگانا خطرناک ہے، عمران خان پر تنقید کرنا ان کا حق ہے لیکن ان کی دماغی حالت ابھی تک ماضی قریب کے ایک صدمے سے باہر نہیں آسکی اور وہ اوّل فُول بک رہے ہیں جب تک ماھر نفسیات مکمل چیک آپ کے بعد انھیں کلئیر نہیں کرتے ان سے وزارت کا چارج واپس لینا چاہئے۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء عثمان ڈار نے وزیردفاع خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف ہمیشہ سے پاکستان کی بدنامی کا باعث بنے رہے ہیں، غیرملکی اقامہ ہولڈر نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچایا، یہ بے شرم آدمی غیرملکی اقامہ رکھ کر پاکستان میں وزیردفاع بنا ہوا تھا، خواجہ آصف کو ملک کے خلاف غیرملکی سازش کا حصہ بننے پر شرم آنی چاہیے،اس مکروہ شخص نے ہمیشہ چوروں کا ساتھ دیا اور چوری کو فروغ دیا، خواجہ آصف ملکی دفاعی اداروں پر کیچڑ اچھالتا اور انہیں بدنام کرتا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے ملک کو اکٹھا کیا اور تحریک انصاف وفاق کی علامت ہے۔تحریک انصاف ملک کے تمام صوبوں کی مقبول جماعت ہے۔عمرا ن خان نے قوم کو اخلاقیات کا درس دیا اور ان میں شعور بیدار کیا۔نوجوان طبقہ میں پی ٹی آئی نظریہ انتہائی مقبول ہے، خواجہ آصف جیسا بے شرم آدمی قوم کو اخلاقیات کا درس نہ دے۔ان چوروں کے خلاف پی ٹی آئی کی جدوجہد ایک جہاد ہے، ان کے تمام ظلموں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، بہت جلد ان چوروں اور امریکی غلاموں سے نجات کا سورج طلوع ہوگا۔

وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بیرون ممالک سے اداروں اور آرمی چیف پر تنقید کرارہا ہے، پی ٹی آئی حکومت کو آئینی طور پر ہٹایا گیا، کینیڈین پارلیمنٹرین ریاست اور اداروں پر حملہ کرتا ہے، اداروں کو مخالفین کے خلاف استعمال نہیں کریں گے، آئین اور قانون کو چیلنج کیا گیا تو مقدمات بنیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات