امام حج بیت المقدس کی آزادی کیلئے اسرائیل کے خلاف بیداری کا پیغام دیں،متحدہ علماء محاذ

حرمین شریفین سے اٹھنے والی آواز ظالم و استعماری طاقتوں پر لرزہ طاری کردے گی،مقررین حج بیداری سیمینار

بدھ 29 جون 2022 23:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2022ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام بانی سربراہ مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر 18واں سالانہ حج بیداری ملت کا پیغام سیمینار جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو کی زیر صدارت مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میںمنعقد ہوا، سیمینار کے مہمانان خصوصی سردار بابر عباسی، سید محمد خرم شاہ تھے۔

سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ و سیاسی زعماء نے خطاب کرتے ہوئے اپیل کی کہ امام حج بیت المقدس کی آزادی کیلئے اسرائیل کے خلاف بیداری کا پیغام دیں۔ اجتماع حج اسلام و مسلمانوں کی عظیم شان وشوکت و وحدت کا مظہر ہے۔اس موقع پر امام حج کا خطبہ حج میں قبلہ اول کی آزادی اور فلسطینی مسلمانوں پر انسانیت سوز وحشیانہ اسرائیلی مظالم کیخلاف آواز بلند کرنا تحریک آزادی القدس کو فتح کی منزل تک پہنچانے میں بنیادی کردار کا حامل ہوگا۔

(جاری ہے)

عالم اسلام کے مرکز حرمین شریفین سے فلسطین ،کشمیر ،شام ،یمن، برما، بھارت سمیت مسلمانوں پر جاری وحشیانہ مظالم کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز ظالم و استعماری طاقتوں پر لرزہ طاری کردے گی۔حج بیداری سیمینار سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ ترک، شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد دائود،پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسرار عباسی،محاذ کے سرپرست مولانا جعفرالحسن تھانوی، مرکزی چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی،آل سندھ علماء ذاکرین فیڈریشن کے سربراہ علامہ سید سجادشبیر رضوی، مجلس ذاکرین امامیہ پاکستان کے صدر علامہ نثار احمد قلندری،عزاء خانہ ابوطالب سولجر بازار کے خطیب مفتاح الحیات اسلامک انسٹی ٹ-یوٹ کے سربراہ علامہ ڈاکٹرفیصل مہدی شایاری،صوفیہ امامیہ نوربخشیہ کے رہنما علامہ شیخ سکندر حسین نوربخشی،عالمی اتحاد امت مشن کے سربراہ علامہ ڈاکٹر شاہ فیروز الدین رحمانی،جمعیت اتحاد العلماء کے علامہ مفتی روشن دین الرشیدی، ہندو مذہبی اسکالر منوج چوہان ، ملی یکجہتی کونسل سندھ کے نائب امیرعلامہ مرتضیٰ خان رحمانی،جامعہ بنوری ٹائون کے مولانا مفتی اسد الحق چترالی، مرکزی روئیت ہلال کمیٹی کے منتظم مولانا حافظ عبدالمجید،تحفظ حقوق الصراف کے چیئرمین فہیم الدین انصاری، پاکستان مسلم لیگ فنکشنل علماء مشائخ ونگ کے رکن مولانا حافظ گل نوازنے خطاب کیاجبکہ جے یو آئی کے مولانا محمد عفان ترک،جامعہ شمس المدارس کے نائب مہتمم مولانا مفتی وجاہت الحسن تھانوی، حافظ سید محمد عاصم بخاری، ایف ڈی ایف کے رہنما اسد عباسی ، لیاقت عباسی، ، رئیس عباسی ،سماجی رہنما محمد بلال حسین ودیگر نے شرکت کی،معروف نعت و منقبت خواں قاری حسین الدین شاہ رحمانی نے حمد و نعت اور اہل بیت اطہار کی شان میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

اجلاس میںمتفقہ قرارداد میں پرز ور مطالبہ کیاگیا کہ غیور مسلمان و عاشقان رسولؐ سودی نظام معیشت کے حامی 4بینکوں مسلم کمرشل بینک لمیٹڈ ، حبیب بینک لمیٹڈ ،یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ، نیشنل بینک آف پاکستان کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے اپنا اکائونٹ بند کرائیں۔ سود کے خلاف شرعی عدالت کے تاریخی جرأت مندانہ فیصلوں کے خلاف اپیل کرنے والے مالیاتی اداروں کا ہر سطح پر محاسبہ کیاجائے۔

ہندوستان میں توہین رسالت کے خلاف بھارتی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیاجائے۔من گھڑت خواب کی بنیاد پر چیف آف آرمی اسٹاف پر توہین رسالت کا الزام لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ سیمینار میں بانی اسلامی انقلاب ایران آیت اللہ امام خمینی کے یوم القدس کے اعلان کوقابل تقلید و ستائش اور مظلوم فلسطینیوں کی کامیابی کا آئینہ دار قرار دیاگیا اور اسرائیل کو تسلیم کرنے والے بعض عرب ممالک کی شدید مذمت کی گئی۔سیمینار کے اختتام پر فلسطین ،کشمیر کے مظلوم مسلمانوں اور افواج پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیاگیا اور ملکی امن و استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔