وفاقی حکومت نے عوام پر پھر پیٹرول بم گرانے کی تیاری کرلی

اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 13 روپے اضافے کی سفارش کردی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ وزیراعظم کریں گے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 30 جون 2022 19:31

وفاقی حکومت نے عوام پر پھر پیٹرول بم گرانے کی تیاری کرلی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جون 2022ء) وفاقی حکومت نے عوام پر پھر پیٹرول بم گرانے کی تیاری کرلی، اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 13 روپے اضافے کی سفارش کردی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت خزانہ کو ارسال کردی ہے، پیٹرول 4 روپے 80 پیسے اور ڈیزل 8 روپے 60 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے، لائٹ ڈیزل اور مٹی کا تیل 13 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ آج کریں گے۔ دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے پیش نظر اسلام آباد، لاہور، کراچی سمیت چھوٹے بڑے شہروں اور علاقوں کے پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کا رش لگ گیا ہے، شہری گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی ٹینکیاں فُل کروانے پٹرول پمپس پر پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے پیٹرول پمپوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، اسی طرح اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بھی پیٹرول پمپس پر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کا رش لگ گیا ہے۔

گزشتہ روز وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج اضافہ نہیں کیا جارہا، 50 روپے پیٹرولیم لیوی میں موحلہ وار اضافہ کریں گے، آئندہ دو تین ماہ مشکل ہیں مہنگائی کنٹرول نہیں ہوگی، لیکن ہم ڈیفالٹ سے بچ چکے ہیں اور بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔