وزیراعلٰی سندھ سے چینی وفد کی ملاقات،مختلف امور پر تبادلہ خیال

پیر 4 جولائی 2022 15:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2022ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چینی وفد نے ملاقات کی ،وفد کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سی ٹی ڈی چائنہ مسٹر گائوفی کر رہے تھے ۔وزیراعلی ہاوس سےجاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں قونصل جنرل لی بیجان ،پولیس کاؤنسلر چائنیز ایمبسی لی چنگ چُن اور دیگر شریک تھے ۔ وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، سپیشل سیکرٹری ملاقات میں موجود تھے ۔

ملاقات میں صوبے میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چینی وفد نے چین کے قومی دن کی سکیورٹی کے حوالے سے بھی گفتگو کی ۔وزیراعلٰی سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں چین سی پیک پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ سے چینی وفد نے کراچی یونیورسٹی میں پیش آنے والے خودکش حملے سے متعلق بھی گفتگو کی۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ چائنیز ہمارے دیرینہ دوست ہیں، کراچی یونیورسٹی واقعہ سے بہت دکھ پہنچا ہے، واقعہ کی تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس تفتیش میں چینی ماہرین کوئی مدد کرنا چاہتے ہیں تو خوشی ہوگی۔وفد نے سندھ کی سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کو ٹیکنیکلی مضبوط کرنے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔