Live Updates

افسوس ہے کہ آج میرا دوست عبدالقادر میرے ساتھ نہیں ہے: عمران خان

26 سال پہلے سیاست شروع کی تو عبدالقادر ٹیم کا اکلوتا کھلاڑی تھا جو شروع سے میرے ساتھ تھا، وہ ورلڈ کلاس کرکٹر، عظیم کھلاڑی تھا جسکی کوئی مثال نہیں ملتی،وہ ہمیشہ میرے دل میں رہیگا: سابق قومی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 8 جولائی 2022 15:14

افسوس ہے کہ آج میرا دوست عبدالقادر میرے ساتھ نہیں ہے: عمران خان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 جولائی 2022ء ) سابق وزیراعظم عمران خان نے مرحوم لیجنڈری لیگ سپنر عبدالقادر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 26 سال پہلے سیاست شروع کی تو عبدالقادر ٹیم کا اکلوتا کھلاڑی تھا جو شروع سے میرے ساتھ تھا، وہ ایک ورلڈ کلاس کرکٹر اور عظیم کھلاڑی تھا جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ افسوس ہے کہ آج وہ میرے ساتھ نہیں ہے لیکن وہ ہمیشہ میرے دل میں رہے گا ۔

یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور گگلی ماسٹر عبدالقادر 6 ستمبر 2019ء کو 63 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے ۔ عبدالقادر نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ 1977ء میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ اپنے کرکٹ کے کیریئر کے دوران انہوں نے 67 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 236 وکٹیں لیں۔ ان کی بہترین بولنگ بھی انگلینڈ ہی کے خلاف تھی جس میں انہوں نے 1987ء میں ایک ٹیسٹ میچ میں 65 رنز دے کر نو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں بولنگ کے شعبے میں یہ ریکارڈ ابھی تک کوئی دوسرا بولر توڑ نہیں سکا۔ عبدالقادر نے 104 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں بھی 132 وکٹیں لیں۔ انہوں نے اپنے آخری میچ 1993ء میں کھیلا تھا۔ قادر کے بولنگ کرانے کا انداز جتنا انوکھا تھا اتنا ہی وہ تباہ کن بھی تھا۔ بلے بازوں کے خلاف ان کے بڑے ہتھیار ان کی گوگلی اور فلپر تھے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی دنیا میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دوسرے نمبر کے کھلاڑی اور آسٹریلیا کے بولر شین وارن قادر کے بہت بڑے مداح تھے۔ 1970ء اور 1980ء کی دہائی میں لیگ سپن بولنگ کو ایک مرتبہ پھر سے زندہ کرنے کا سہرا بھی عبدالقادر کے سر ہی جاتا ہے۔ ان کے خاص انداز اور گوگلی بولنگ نے بڑے بڑے کھلاڑیوں کو پریشان کیے رکھا تھا اور بہترین بلے باز بھی ان کی لیگ سپن کے معترف تھے۔

ان کا شمار پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ وزیر اعظم عمران خان کے پسندیدہ بولروں میں ہوتا تھا۔ عبدالقادر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چیف سیلکٹر بھی رہے تھے اور وہ لاہور میں اپنی ایک نجی کرکٹ اکیڈمی بھی چلا رہے تھے۔ ان کے چاروں بیٹے رحمان، عمران، سلیمان اور عثمان فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتے رہے ہیں جبکہ ان کی بیٹی نور پاکستانی کھلاڑی عمر اکمل کی اہلیہ ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات