فیرئیر ہال میں تعمیرات کے معاملے میں عدالت نے ایڈمنسٹریٹر مرتضی وہاب کو جاری شوکاز نوٹس معطل کرنے کا حکم دے دیا

جمعہ 15 جولائی 2022 16:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2022ء) فیرئیر ہال میں تعمیرات کے معاملے میں عدالت نے ایڈمنسٹریٹر مرتضی وہاب کو جاری شوکاز نوٹس معطل کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں فیریئرہال سمیت دیگر آثار قدیمہ میں شامل عمارتوں میں نئی تعمیرات سے متعلق عدالت کے فیصلے کے خلاف مرتضی وہاب اور کے ایم سی کی اپیل پر سماعت ہوئی۔

ڈی جی باغات کے وکیل نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی جبکہ عدالت نے ایڈمنسٹریٹرمرتضی وہاب کو جاری شوکاز نوٹس معطل کرنے کا حکم دیتے ہوئے فیرئیرہال میں تعمیرات کا معاملہ اسی حالت میں برقرار رکھنے کا حکم دیا۔سندھ ہائی کورٹ نے متعلقہ اداروں کو مزید تعمیرات گرانے سے بھی روکنے کا حکم برقراررکھا۔سندھ ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے 20 جون کو فیرئیر ہال میں نئی تعمیرات گرانے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

وکیل کے ایم سی نے عدالت کو بتایا کہ ثقافتی ورثے کو نقصان نہیں پہنچایا جارہا ہے بلکہ اسے مزید خوبصورت بنایا جارہا ہے۔ عدالت نے ہمارا موقف سنے بغیر تعمیرات گرانے کا حکم دیا۔سندھ ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے 20 جون کو ماروی مظہر کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے عملے کو فیرئیر ہال کے وزٹ کا حکم دے تھا۔عدالت نے فیرئیرہال کے گرد تعمیر ہونے والا کنکریٹ اسٹریکچرتوڑنے کا حکم دیا تھا۔