وکالت انتہائی معزز اور قابل احترام پیشہ ، ہم سب نے مل کر اس کی تکریم میں ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہے، وزیر بلدیات و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد

ہفتہ 6 اگست 2022 19:52

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2022ء) وزیر بلدیات و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ وکالت انتہائی معزز اور قابل احترام پیشہ ہے، ہم سب نے مل کر اس پیشے کی تکریم میں ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہے، نظم و ضبط، وقت کی پابندی وکالت کے پیشے کیلئے انتہائی مفید ہے، بار ایسوسی ایشن کا انصاف کی فراہمی کیلئے انتہائی کلیدی کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئینی ترامیم میں کمی بیشی کی گنجائش موجود رہتی ہے۔ آزاد کشمیر میں ایسی آئینی ترامیم کی حمایت کریں گے جس سے ریاست کے وقار اور تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے موجودہ اختیارات میں اضافہ ہو۔ آزاد کشمیر میں آئینی ترمیم کیلئے کابینہ کمیٹی آزاد کشمیر کے مالی و انتظامی اختیارات اور کشمیر کے تشخص پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گی اور کوئی بھی ایسی ترمیم جس سے پہلے سے حاصل اختیارات میں کمی ہو اس کو اسمبلی میں پیش نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیر بلدیات و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نیلم کی نو منتخب باڈی کی حلف برداری تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نیلم کیلئے مرحوم میر گوہر الرحمن ایڈوکیٹ کے نام سے منسوب وکلاء چیمبر کی تعمیر کیلئے رواں مالی سال سے 50لاکھ روپے جبکہ ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن نیلم کیلئے 05لاکھ روپے کا اعلان کیا۔

وزیر بلدیات نے نیلم بار ایسو سی ایشن سے اظہار خیال کے دوران وکالت کے دور کے تجربات پر تفصیلی روشنی بھی ڈالی۔ وزیر بلدیات و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔اس سے پہلے الیکشن کمشنر میاں آصف ایڈووکیٹ نے کامیاب امیدوار ان کا اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے آزاد کشمیر حکومت کے فنڈز میں اضافہ کیا جبکہ موجودہ وفاقی حکومت نے دیگر وفاقی صوبوں کے برعکس آاد کشمیر کے بجٹ میں کٹوتی کی ہے۔

اسطرح آزاد کشمیر حکومت کے مقرر کردہ اہداف کو حاصل کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے ۔ چیف سیکرٹری نے ملازمین کی تنخواہوں کی حد تک فنڈ ز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جیسے ہی فنڈز فراہم ہوں گے ملازمین کی تنخواہوں میں حسب وعدہ اضافہ کیا جائے گا۔ حلف برداری تقریب میں ڈپٹی کمشنر خواجہ اعجاز احمد، ایس پی ساجد عمران، سابق امیدوار اسمبلی راجہ محمد الیاس خان، چیئرمین نیلم ترقیاتی ادارہ سید صداقت حسین، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نیلم چوہدری مشتاق احمد طاہر، سینئر سول جج خواجہ حبیب الرحمن ، ضلع قاضی قاسم مجاہد، سابق ممبر سروس ٹربیونل میر تنویر ایڈوکیٹ ،سابق صدور با ر نذیر دانش ، محترمہ عظمی شیریں ایڈوکیٹ ،ممبران بار کونسل مظفراباد، ضلعی افیسران، صحافی، سیاسی اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

حلف لینے والے نو منتخب ممبران بار ایسو سی ایشن میں بشارت میر ایڈوکیٹ صدر، عبد الصمود اعوان نائب صدر، عاصم کاظمی ایڈوکیٹ جنرل سیکرٹری، عادل خان اعوان جائنٹ سیکرٹری، ممبران ایگزیکٹو کمیٹی امجد حسین لون، راجہ راشد بصیر، وقار انجم ازاد، محترمہ رومانہ شبیر، شاہجہان مغل شامل ہیں۔ سابق صدر بار ایسوسی ایشن امجد حسین لون نے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب ممبران کو مبارکباد دی اور مہمان خصوصی وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد، ضلعی انتظامیہ اور دیگر مہمانان کا تقریب میں آمد پر شکریہ ادا کیا۔

نو منتخب صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن بشارت احمد میر ایڈوکیٹ نے مہمان خصوصی وزیر بلدیات و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد کا بطور خاص اور سابق امیدوار اسمبلی راجہ محمد الیاس، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نیلم، ضلع قاضی نیلم، جوڈیشل آفیسران، ڈپٹی کمشنر خواجہ اعجاز احمد، ایس پی ساجد عمران، چئیرمین ترقیاتی ادارہ سید صداقت حسین شاہ، ضلعی انتظامیہ، صحافی، بارایسوسی ایشن کے نو منتخب اور سابق ممبران کا شکریہ ادا کیا۔