Live Updates

عمران خان اس ملک کے لیے ایک فتنہ ہے، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی

عمران خان نے ملک کے اداروں کو بھی لڑانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، راجہ ریاض پوری قوم شہدا کے خاندانوں اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، میڈیا سے گفتگو

پیر 8 اگست 2022 13:56

عمران خان اس ملک کے لیے ایک فتنہ ہے، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2022ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجا ریاض نے کہا ہے کہ عمران خان اس ملک کے لئے ایک فتنہ ہے، اس نے اداروں کو بھی لڑانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے کور کمانڈر اور ان کیساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ، شہداء کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعاگو ہوں، پوری قوم شہدا کے خاندانوں اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

راجا ریاض نے کہا کہ پی ٹی آئی ورکرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر شہدا کے حوالے سے گھناؤنی حرکت کی گئی جس کی بھرپورمذمت کرتا ہوں، سوشل میڈیا پر افواج پاکستان کو مزاح کا نشانہ بنانا شرمناک ہے، یقین ہے پروپیگنڈا کرنے والوں کو عمران خان نے شاباش دی ہوگی، کیوں کہ عمران خان کا یہی طرز عمل ہے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران خان کرپٹ اور جھوٹا آدمی ہے، اس نے اس ملک کے اداروں کو بھی لڑانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اس نے اپنے کارکنان کو 13 اگست کو کال دی ہے، یہ مجمع اکٹھا کرکے ڈی چوک جانے کا کہے گا اور فساد کی کوشش کرے گا۔

راجا ریاض نے کہا کہ راناثنا پر منشیات کا مقدمہ جھوٹا تھا اور عمران خان کی ایما پر قائم ہوا تھا، اپنے دور میں اس نی25 ہزار ارب قرض لیا اور کام کچھ نہیں کیا، عمران خان اس ملک کے لیے ایک فتنہ ہے، نوجوان ایسے فتنے سے بچیں، فارن فنڈنگ ثابت ہونے پرعمران خان بطور چیئرمین استعفیٰ دیں، کرپشن کرنے والے فرح گوگی ویگر ملوث افراد کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات