ملک کے دفاع اور استحکام میں پاک فوج کا کردار نمایاں ہے، مولانا عبدالخبیرآزاد

جمعہ 12 اگست 2022 20:41

ملک کے دفاع اور استحکام میں پاک فوج کا کردار نمایاں ہے،  مولانا عبدالخبیرآزاد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2022ء) خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور اور چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمدعبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے حصول کے لیے لاکھوں انسانوں نے اپنی جان ومال کی قربانیاں پیش کیں،ملک کے دفاع اور استحکام میں پاک فوج کا کردار نمایاں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آزادی اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے،ہم سب کو چاہیے کہ شکر ادا کریں کہ اللہ تعالی نے مملکت خداداد پاکستان جیسی نعمت عطا کی۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے حصول کے لیے لاکھوں انسانوں نے اپنی جان ومال کی قربانیاں پیش کیں،آج یقینا ملک دشمن طاقتوں کی نظر پاکستان پر ہے، ہماری افواج ہمارا فخر ہیں،افواج پاکستان نے ملک دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو نیست و نابود کیا اور بے مثال قربانیاں دے کر ملک پاکستان کے دفاع کو مضبوط کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہیں ،کوئی بھی میدان ہو ہمیں افواج پاکستان کی خدمات روز روشن کی طرح نظر آ تی ہیں۔اس موقع پر انہوں نے ملکی سلامتی،ترقی و خوشحالی،عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ،افواج پاکستان کے شہدا اور کشمیر و فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔