پولیس کا25مئی کے تناظر میںمعاون خصوصی عطا تارڑ ، رانا مشہودکی رہائشگاہوںپر چھاپے ،لیگی رہنما موجود نہ تھے

عطا تارڑ کے گھر چھاپے کے دوران کسی کو حراست میں نہیں لیا گیا ، معاون خصوصی کوتھانے میں طلبی کا نوٹس بھجوایا گیا ہے رانا مشہود فیملی کے ہمراہ اسلام آباد میں موجود ہیں ،پنجاب حکومت کی ایماء پر پنجا ب پولیس اوچھے ہتھکنڈوںپر اتر آئی ہے ‘رانا مشہود

ہفتہ 13 اگست 2022 17:15

پولیس کا25مئی کے تناظر میںمعاون خصوصی عطا تارڑ ، رانا مشہودکی رہائشگاہوںپر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2022ء) لاہور پولیس نے 25مئی کے تناظر میںوزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ اور مرکزی رہنما رانا مشہود احمد خان کی رہائشگاہوںپر چھاپے مارے تاہم ا ن کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ۔بتایا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے عطا اللہ تارڑ کی تھانے میں طلبی کا نوٹس بھی بھجوایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے گھر پر مارے گئے چھاپے پر لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہاشم ڈوگر صاحب میرا خیال تھا آپ وزیر داخلہ ہیں،آپ تو انتہائی غیر سنجیدہ کردار نکلے۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ جس گھر میں 15سال پہلے رہتا تھا وہاں پولیس بھیج کر کسی راہگیر کو ہراساں کر کے کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں، یہ حال ہے آپ کا، خاک وزارت چلانی ہے آپ نے، ملک دشمن بیانیے کے دفاع میں اتنا آگے نہ جائیں۔

پولیس کی جانب سے رانا مشہود کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا تاہم رانا مشہود اپنی فیملی کے ہمراہ اسلام آباد میں موجود تھے۔ رانا مشہود کے مطابق پولیس نے رات گئے میرے گھر پر چھاپہ مارا،میں اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، پنجاب حکومت کی ایماء پر پولیس اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔