سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر سیف ڈپازٹ کی مدت میں مزید توسیع کا فیصلہ

3 ارب ڈالر کے سیف ڈپازٹ پر 3 فیصد سود بھی ادا کیا جائے گا،پاکستان کو ڈیفالٹ کا خطرہ ہوا تو رقم فوری واپس کرنا ہو گی۔ذرائع وزارت خزانہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 15 اگست 2022 16:55

سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر سیف ڈپازٹ کی مدت میں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین۔ 15 اگست 2022) سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر سیف ڈپازٹ کی مدت میں مزید توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر سیف ڈپازٹ کی مدت میں مزید ایک سال کے لیے توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔وزارت خزانہ کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ 3 ارب ڈالر کے سیف ڈپازٹ پر 3 فیصد سود بھی ادا کیا جائے گا جب کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کا خطرہ ہوا تو رقم فوری واپس کرنا ہو گی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ تین ارب ڈالر سیف ڈپازٹ کی مدت میں توسیع دسمبر 2023 تک کیے جانے کا امکان ہے۔سیف ڈپازٹ کی مد میں رکھی گئی رقم کو استعمال بھی نہیں کیا جا سکے گا۔دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد سے ٹیلی فون پر گفتگو میں انہوں نے محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو ولی عہد نے قبول کرلی جبکہ دونوں رہنمائوںنے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سرمایہ کاری، توانائی اور تجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے بات چیت میں خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سعودی نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی قوم کو یوم آزادی کی مناسبت سے مبارک باد پیش کی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین برسوں پر محیط مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیرِ اعظم اور سعودی ولی عہد نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سرمایہ کاری، توانائی اور تجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا۔وزیرِ اعظم نے برادر ملک سعودی عرب کی پاکستان کے مشکل وقت میں مدد کا ذکر کرتے ہوئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان کی معیشت کے استحکام اور ترقی کے لیے حالیہ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ دریں اثنا وزیرِ اعظم نے شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے جلد دورے کی دعوت دی، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔