آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں معروف ادیب و دانشور انور مقصود کا تحریر کردہ تھیٹر ’’ساڑھے چودہ اگست‘‘ کی میڈیا ایوننگ کا اہتمام

بدھ 17 اگست 2022 20:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2022ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں معروف دانشور و ادیب انور مقصود کا تھیٹر ساڑھے چودہ اگست کی میڈیا ایوننگ کا اہتمام کیاگیا جس میں انور مقصود، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، عدنان صدیقی، بہروزسبزواری، داور محمود، شہزاد دادااور مختلف سماجی و ثقافت شخصیات کے علاوہ میڈیا نمائندگان نے بھرپور شرکت کی، اس موقع پر معروف ادیب و دانشور انور مقصود نے کہا کہ ہندوستان ایک بڑا ملک تھا جب وہ ٹوٹا تو لوگوں نے سوال اٹھائے کہ اس کا ذمہ دار کون ہے جناح یا گاندھی، تو ان کو لاہور، دہلی، کشمیر اور لندن بھیجا گیا اور کہاکہ جاکر معلوم کریں کہ کون ذمہ دار ہے یہ مقدمہ اسی تھیٹر پلے کا حصہ ہے انہوں نے کہاکہ باقی آپ ڈرامہ دیکھ کر مجھے بتائیں کہ آپ کو کیسا لگا، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ ماضی میں جب تھیٹر شروع کیا تو یہاں تالے لگے ہوئے تھے،انور بھائی اور طلعت حسین اس تھیٹر کی بنیادوں میں شامل ہیں، انہوں نے کہاکہ بہت بڑی تعداد تھیٹر دیکھنے والوں کی ہے فیضی آرٹ گیلری میں بہت بڑا تھیٹر موجود ہے ہمیں اُمید ہے کہ بہت جلد حکومت ہمیں سے وہ جگہ مل جائے گی، انہوں نے کہاکہ معین اختر کی وفات کے بعد انور مقصود نے لکھنا چھوڑ دیاتوساڑھے چودہ اگست کے ہدایت کار داورمحمود نے انور مقصود سے لکھوانے کے لیے میری سفارش کروائی، اگر میڈیا ہماری آواز نہیں بنتا تو ہم اتنا کچھ نہیں کرسکتے تھے تمام میڈیا کا شکر گزار ہوں جنہوں نے پوری دُنیا میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی آواز پھیلائی، تھیٹر کے ڈائریکٹر داور محمودنے کہاکہ ڈرامہ دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکز ہے اگر انہوں نے ڈرامہ نہیں دیکھا تو کچھ کمی سی محسوس کریں گے، میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا بھرپور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا اور رہنمائی کی۔

(جاری ہے)

اس کھیل کی خاص بات قائد اعظم کے کردار میں عمر قاضی اور گاندھی کے کردار میں تنویر گِل کی زبردست اداکاری ہے۔ دونوں نے اپنے کرداروں کو بخوبی نبھایا ہے، دیگر اداکاروں میں ساجد حسن، نذر حسین، طیب فاروقی، سلویٰ سہیل، جہانزیب علی شاہ، حمزہ طارق جمیل، خضر انصاری، جازا عقیل، حرابقالی وغیرہ نے اپنے کرداروں کو بخوبی نبھایا، کھیل میں آئٹم سونگ عباس علی خان اور شیراز اپل نے کمپوز کیا جبکہ اسے نیہا چوہدری نے گایا، ’’پان کھلادے‘‘ خالص فلمی انداز کی کمپوزیشن تھی، راجا مغل کی کوریو گرافی متاثر کن تھی صوفیہ کی ڈانس پرفارمنس دیکھ کر حاضرین بہت لطف اندوز ہوئے۔

واضح رہے کہ 14اگست سیریز میں پونے چودہ اگست 2011میں پیش کیاگیا جبکہ ساڑھے چودہ اگست 2012جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری کھیل ’’ساڑھے چودہ اگست‘‘ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری ہے۔