کراچی آرٹس کونسل میں معروف ادیب و دانشور انور مقصود کا تحریر کردہ تھیٹر ’’ساڑھے چودہ اگست ‘‘کی میڈیا ایوننگ کا اہتمام

بدھ 17 اگست 2022 22:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2022ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں معروف دانشور و ادیب انور مقصود کا تھیٹر ’’ساڑھے چودہ اگست ‘‘ کی میڈیا ایوننگ کا اہتمام کیاگیا جس میں انور مقصود، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، عدنان صدیقی، بہروزسبزواری، داور محمود، شہزاد دادااور مختلف سماجی و ثقافت شخصیات کے علاوہ میڈیا نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔

بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق معروف ادیب و دانشور انور مقصود نے کہا کہ ہندوستان ایک بڑا ملک تھا جب وہ ٹوٹا تو لوگوں نے سوال اٹھائے کہ اس کا ذمہ دار کون ہے جناح یا گاندھی، تو ان کو لاہور، دہلی، کشمیر اور لندن بھیجا گیا اور کہاکہ جاکر معلوم کریں کہ کون ذمہ دار ہے ، یہ مقدمہ اسی تھیٹر پلے کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

تھیٹر کے ڈائریکٹر داور محمودنے کہاکہ ڈرامہ دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکز ہے اگر انہوں نے ڈرامہ نہیں دیکھا تو کچھ کمی سی محسوس کریں گے، میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا بھرپور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس کھیل کی خاص بات قائد اعظم کے کردار میں عمر قاضی اور گاندھی کے کردار میں تنویر گِل کی زبردست اداکاری ہے، دونوں نے اپنے کرداروں کو بخوبی نبھایا ہے، دیگر اداکاروں میں ساجد حسن، نذر حسین، طیب فاروقی، سلوی سہیل، جہانزیب علی شاہ، حمزہ طارق جمیل، خضر انصاری، جازا عقیل، حرابقالی وغیرہ نے اپنے کرداروں کو بخوبی نبھایا۔واضح رہے کہ 14اگست سیریز میں پونے چودہ اگست 2011میں پیش کیاگیا جبکہ ساڑھے چودہ اگست 2012جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری کھیل ساڑھے چودہ اگست آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری ہے۔