25 مئی کو پی ٹی آئی کارکنوں پر تشدد کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں،ہاشم ڈوگر

پنجاب اسمبلی میں تشدد کے واقعات میں ملوث افراد کیخلاف بھی مقدمات درج ہیں،پولیس سرچ وارنٹ کے ساتھ انکی گرفتاریوں کیلئے کارروائیاں کر رہی ہے،وزیر داخلہ پنجاب

Abdul Jabbar عبدالجبار ہفتہ 20 اگست 2022 11:24

25 مئی کو پی ٹی آئی کارکنوں پر تشدد کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں جاری ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اگست 2022ء) وزیر داخلہ پنجاب کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر کا کہنا ہے کہ 25 مئی کو پی ٹی آئی کارکنوں پر تشدد کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ جیو نیوز کے مطابق ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں تشدد کے واقعات میں ملوث افراد کیخلاف بھی مقدمات درج ہیں،پولیس سرچ وارنٹ کے ساتھ انکی گرفتاریوں کیلئے کارروائیاں کر رہی ہے۔

25 مئی اور ضمنی انتخابات میں اختیارات سے تجاوز کرنے والے افسران کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ سی سی پی او لاہو،ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کو عہدوں سے ہٹایا گیا،30 انسپکٹر کو فوری معطل کیا گیا ہے، اور نوکریوں سے برخاست کیا جا رہا ہے۔ فیصل آباد میں خواتین پر بندوق تاننے والے سب انسپکٹر کو بھی نوکری سے برخاست کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر مسلم لیگ ن کے 12 رہنماوں کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد گرفتاری سے بچنے کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑسمیت دیگر رہنما اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئے۔عطاء اللہ تارڑ سمیت دیگر رہنماوں کی بائیو میٹرک تصدیق کی جا رہی ہے جس کے بعد لیگی رہنماوں کی حفاظتی ضمانتوں سے متعلق درخواست دائر کی جا سکیں گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور کی مقامی عدالت نے لیگی رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ۔پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کا مقدمہ 12 لیگی رہنماؤں کے خلاف درج کیا گیا۔ پولیس نے ہنگامہ آرائی کیس کے سلسلے میں وارنٹ گرفتاری کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔ لیگی رہنماؤں پر اسمبلی میں توڑ پھوڑ،املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ مقدمے میں نامزد 12 لیگی رہنماؤں کے وارنٹ گرگرفتاری جاری کر دئیے گئے۔ پولیس نے لیگی رہنماؤں کی وارنٹ گرفتاری کے لیے درخواست دائر کی تھی۔