Live Updates

عمران خان کے کل کے بیان کے سیاق و سباق کی وضاحت پہلے ہی کی جا چکی ہے

عمران خان نے ہمیشہ افواجِ پاکستان کی پیشہ وارانہ مہارت اور قربانیوں کی مکمل تعریف و تائید کی ہے، پی ٹی آئی سربراہ کے بیان کے حوالے سے اسد عمر کی وضاحت

muhammad ali محمد علی پیر 5 ستمبر 2022 19:47

عمران خان کے کل کے بیان کے سیاق و سباق کی وضاحت پہلے ہی کی جا چکی ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین۔5 ستمبر 2022) اسد عمر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ہمیشہ افواجِ پاکستان کی پیشہ وارانہ مہارت اور قربانیوں کی مکمل تعریف و تائید کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی جانب سے عمران خان کے بیان کے حوالے سے اہم وضاحت جاری کی گئی ہے۔ دنیا نیوز کے مطابق اسد عمر کا کہنا ہے کہ عمران خان کے کل کے بیان کے سیاق و سباق کی وضاحت پہلے ہی کی جا چکی ہے۔

ادارے یا اسکی سینئر قیادت کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا قطعاً کوئی ارادہ نہ تھا، پاکستان تحریک انصاف اور ‪عمران خان نے ہمیشہ افواجِ پاکستان کی پیشہ وارانہ مہارت اور قربانیوں کی مکمل تعریف و تائید کی ہے، میرٹ کے اصول کی پاسداری پر اصرار اس ادارے کی پیشہ وارانہ مہارت کے تحفظ کی خواہش کے تابع ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل آئی ایس پی آر کی جانب سے عمران خان کے بیان پر ردعمل جاری کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سینئر قیادت پر ہتک آمیز،انتہائی غیر ضروری بیان پر پاک آرمی میں شدید غم وغصہ ہے۔پاک فوج قوم کی سیکیورٹی اور حفاظت کے لیے ہر روز جانیں قربان کر رہی ہے۔ایسے وقت میں پاک فوج کی سینئر قیادت کو متنازع بنانے کی کوشش انتہائی افسوسناک ہے۔ قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اداروں کو بد نام کرنے کیلئے عمران نیازی کی نفرت انگیز باتیں ہر روز نئی بلندیوں کو چھو رہی ہیں،عمران خان اب مسلح افواج اور اس کی قیادت کے خلاف کیچڑ اچھالنے اور زہریلے الزامات لگا رہے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اداروں کو بدنام کرنے کے لیے عمران نیازی کی نفرت انگیز مہم ہر روز نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔

عمران خان کا مذموم ایجنڈا واضح طور پر پاکستان کو تباہ کرنا اور کمزور کرنا ہے۔جبکہ سابق صدر آصف زرداری نے بھی نام لئے بغیر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کی ہے،آصف زرداری نے کہا کہ ساری قوم کو نظر آرہا ہے فتنہ کون ہے؟ آج سب کو انسان اور حیوان کا پتہ چل گیا ہے۔اس شخص نے ملک کو کمزور کرنے کا ٹھیکہ لیا ہوا ہے جو ہمارے جیتے جی نہیں ہوسکتا۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اداروں کو اس شخص کی ہوس کی خاطر متنازع نہیں بننے دیں گے،ہمارے سپاہی سے لیکر جرنیل تک ہر ایک بہادر اور محبت وطن ہے،پوری قوم اس وقت سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات