مسقط ایئرپورٹ پر بھارتی طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی

ہنگامی سلائیڈوں کا استعمال کرتے ہوئے مسافروں کو جہاز سے اتارا گیا‘ متعدد افراد زخمی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 14 ستمبر 2022 15:31

مسقط ایئرپورٹ پر بھارتی طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 ستمبر 2022ء ) خلیجی سلطنت عمان میں مسقط ایئرپورٹ پر بھارتی طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی، ہنگامی سلائیڈوں کا استعمال کرتے ہوئے مسافروں کو جہاز سے نیچے اتارا کر طیارہ خالی کرالیا گیا، اس دوران متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز کو مسقط کے ہوائی اڈے پر طیارے سے دھواں نکلنے کے بعد خالی کرایا گیا اور مسافروں کو طیارے سے اتار کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز IX-442 مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1بج کر 03 منٹ پر بھارتی شہر کوچی کے لیے اڑان بھرنے والی تھی کہ اس کے ایک انجن میں آگ لگنے کی اطلاع ملی، جس پر مسافروں کو ہنگامی سلائیڈوں کا استعمال کرتے ہوئے طیارے سے اتار لیا گیا۔

(جاری ہے)

ایئر لائن کے ایک اہلکار نے دی نیشنل کو بتایا کہ طیارہ رن وے سے نیچے ٹیکسی کر رہا تھا جب یہ واقعہ پیش آیا جس کے باعث ٹیک آف کو روک دیا گیا اور 141 مسافر، 4 شیر خوار بچے اور عملے کے 6 افراد بحفاظت طیارے سے نکل گئے، اس دوران 3 افراد معمولی زخمی ہوئے۔

اس ضمن میں ایئرپورٹ اہلکار نے کہا کہ پائلٹ نے انجن میں دھواں دیکھا اور تمام حفاظتی طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے اس نے ٹیک آف نہیں کیا اور جہاز کو رن وے کے کنارے کھڑا کر دیا اور آگ بجھانے والے آلات کا استعمال شروع کردیا گیا اور مسافروں کو سلائیڈوں کا استعمال کرتے ہوئے نکالا گیا اس دوران ایک ہی وقت میں بہت سے لوگ جہاز سے نکلنے کی کوشش کر رہے تھے، جس کی وجہ سے 3 افراد زخمی ہوئے تاہم ان کی چوٹیں زیادہ سنگین نہیں ہیں۔

عمان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ اس واقعے سے نمٹا جا رہا ہے، طیارے میں سوار 8 مسافروں کو اس وقت جسمانی چوٹیں آئیں جب طیارہ اچانک رک گیا جب کہ باقیوں کو انجن سے دھواں اٹھنے سے سانس لینے میں دشواری ہوئی تاہم واقعے کے نتیجے میں ایئرپورٹ، مسافروں اور ایئر ٹریفک کی حفاظت پر کوئی اثر نہیں پڑا، آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور رن وے پروازوں کے لیے کھلا ہے۔

متعلقہ عنوان :