متحدہ عرب امارات میں محنت کشوں کے لیے لازمی مڈ ڈے بریک ختم

جمعہ 16 ستمبر 2022 10:10

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2022ء) متحدہ عرب امارات کی وزارت انسانی وسائل نے محنت کشوں کے لیے مڈ ڈے بریک ختم کر دی ہے۔اماراتی خبر رساں ادارے وام کے مطابق ملک میں 15 جون سے شروع ہونے والی یہ لازمی مڈ ڈے بریک دوپہر ساڑھے 12 سے سہ پہر ساڑھے 3 بجے تک ہوتی تھی جس کا مقصد براہ راست دھوپ میں کام کرنے والے محنت کشوں کو موسم گرما کی شدت سے محفوظ رکھنا تھا۔

وزارت نے اس دوران ایسے کئی قواعد و ضوابط جاری کیے جس کے تحت شراکت داروں کے تعاون سےآگاہی پروگرامز بھی منعقد کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

اوقات کار کی اس پابندی سے ان کمپنیوں کو استثنیٰ دیا گیا تھا جن کے کام تکنیکی وجوہات پر جاری رکھنا ضروری تھا جس میں استثنیٰ والی کمپنیوں کے لیے یہ ضروری قرار دیا گیا تھا کہ وہ محنت کشوں کو پینے کا ٹھنڈا پانی کی فراہمی اور صحت عامہ کی حفاظت کے تقاضے پورے کریں۔ اس کے علاوہ پیاس کی شدت کو کم کرنے کے لیے نمکیات ، لیموں وغیرہ بھی استعمال کریں۔ تعمیراتی کمپنوں کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی پر فی ورکر ایک ہزار 361 ڈالر جرمانہ رکھا گیا تھا۔ وزارت کے مطابق گذشتہ 92 روز کے دوران ہسپالوں میں طبی معائنے کے لیے 55 ہزار 192 افراد آئے۔