پی آئی اے کے بیڑے میں ایک اور جدید مسافر طیارہ شامل ہو گیا

ہفتے کے روز ائیربس 320 طیارے کی پاکستان آمد، رواں سال کے دوران قومی ائیرلائن کے بیڑے میں شامل ہونے والے نئے مسافر طیاروں کی تعداد 3 ہو گئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 24 ستمبر 2022 22:58

پی آئی اے کے بیڑے میں ایک اور جدید مسافر طیارہ شامل ہو گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر2022ء) پی آئی اے کے بیڑے میں ایک اور جدید مسافر طیارہ شامل ہو گیا، ہفتے کے روز ائیربس 320 طیارے کی پاکستان آمد ہوئی جس کے بعد رواں سال کے دوران قومی ائیرلائن کے بیڑے میں شامل ہونے والے نئے مسافر طیاروں کی تعداد 3 ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے بیڑے میں نئے طیاروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، ہفتہ کو مزید ایک ایئر بس 320 طیارہ بیڑے میں شامل ہو گیا۔

ایئر بس 320 سلسلے کا تیسرا طیارہ شارجہ سے اسلام آباد پہنچا۔ بتایا گیا ہے کہ بہتر كبین کا حامل جدید ساختہ طیارہ پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہوکر مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرے گا۔ اس سلسلے کا چوتھا اور آخری طیارہ آئندہ چند روز میں وطن پہنچ جائے گا ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پی آئی اے نے گزشتہ برس طیاروں کے حصول کا ٹینڈر کیا تھا، رواں سال 3 طیارے پاکستان پہنچے، مزید 1 طیارہ آئندہ چند روز میں پہنچے گا، پہلا جہاز 29 اپریل، دوسرا 14 جولائی اور تیسرا طیارہ اب 24 ستمبر کو پاکستان آیا، 2 طیارے اس وقت خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال کے آغاز سے قبل حکومت کی جانب سے جاری کردہ اقتصادی سروے کے مطابق گزشتہ دور حکومت میں فضائی نقل و حمل کے شعبوں کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے گئے اس مقصد کے لئے حکومت نے وزارت ایوی ایشن کے ذریعے پی آئی اے کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے۔ جبکہ مئی کے ماہ میں خواجہ سعد رفیق نے بھی پیش کی گئی ایک رپورٹ میں تحریک انصاف کے دور حکومت میں پی آئی اے کے نقصانات میں کمی آنے کا اعتراف کیا۔

جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق خواجہ سعد رفیق کی جانب سے قومی اسمبلی میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد پی آئی اے کے نقصان میں واضح کمی آئی۔ رپورٹ کے مطابق 2018 کے بعد ہر سال قومی ائیرلائن کے خسارے میں کمی آئی۔ رپورٹ کے مطابق سال 2019 میں پی آئی اے کا خسارہ 52 ارب روپے، 2020 میں 34 ارب روپے جبکہ 2021 میں 42 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔