این پی سی کی آئی بیکس میڈیا نیٹ ورک کے سی ای او پر فائرنگ کی مذمت

بدھ 12 اکتوبر 2022 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2022ء) نیشنل پریس کلب(این پی سی ) اسلام آباد کے صدر انور رضا ،سیکرٹری خلیل احمد راجہ اور فنانس سیکرٹری نیئر علی نے گلگت بلتستان میں نامعلوم نقاب پوشوں کی جانب سے آئی بیکس میڈیا نیٹ ورک کے سی ای او عبدالمجیب کو اغواء کرنے کی کوشش اور ان پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو اپنے ایک مذمتی بیان میں صدر این پی سی انور رضا سیکرٹری خلیل احمد راجہ اور فنانس سیکرٹری نیئر علی نے کہا کہ یہ عبدالمجیب کی خوش قسمتی اور اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے وہ محفوظ رہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ مقدمہ درج ہونے کے باوجود ملزمان ابھی تک گرفتار نہیں ہو سکے اور واقعہ کے حوالے سے گلگت بلتستان حکومت خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے جو کہ انتہائی افسوسناک امر ہے۔ یہ آزادی اظہار رائے پر قدغن لگانے کے مترادف ہے۔ صحافیوں پر آئے روز ہونے والے حملوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور آئی جی گلگت بلتستان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پرملزمان کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائیں بصورت دیگر صحافتی تنظیمیں شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہونگی۔