شیری رحمان کا دریائے سوات کے سیلابی ریلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار

جمعہ 27 جون 2025 21:46

شیری رحمان کا دریائے سوات کے سیلابی ریلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے دریائے سوات کے سیلابی ریلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریاؤں کے بہاؤ میں اضافہ صرف بارشوں سے نہیں بلکہ گلیشیئر پگھلنے اور شدید گرمی سے بھی جڑا ہے۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ دریائے سوات میں سیلابی ریلے نے 70 افراد کو سات مختلف مقامات پر پھنسایا، 6 افراد جاں بحق، 52 کو بچا لیا گیا۔

انہوںنے کہاکہ این ڈی ایم اے نے دو دن قبل شمالی علاقوں کے لیے الرٹ جاری کیا تھا، مگر عوامی غفلت اور حکومتی عدم توجہی نے تباہی کو بڑھایا، یہ سانحہ محض قدرتی آفات نہیں بلکہ ماحولیاتی دباؤ اور شدید مون سون بارشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ گلگت بلتستان میں برف کے پگھلاؤ اور GLOF کے خطرات نے صورتحال کو مزید سنگین بنایا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ دریاؤں کے بہاؤ میں اضافہ صرف بارشوں سے نہیں بلکہ گلیشیئر پگھلنے اور شدید گرمی سے بھی جڑا ہے۔

انہوںنے کہاکہ سندھ کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت پچاس ڈگری تک پہنچ چکا ہے،پاکستان 2025 کے عالمی کلائمٹ رسک انڈیکس میں دنیا کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ انہوںنے کہاکہ صرف سیکشن 144 نافذ کرنے سے خطرات کا خاتمہ نہیں ہوتا، عوامی آگاہی اور مؤثر وارننگ سسٹم ضروری ہیں، ماحولیاتی دباؤ کو ترقیاتی پالیسیوں میں شامل نہ کرنا حکومتی کوتاہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا کو فلیش فلڈ کی وجوہات جانچ کر رپورٹ کرنا چاہیے، یہ ریپڈ کلائمٹ ایکشن کا وقت ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ وفاقی وزارت ماحولیات کو اس انسانی المیے کی عالمی سطح پر پہچان کرانی چاہیے، لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ میں ہماری آواز گم نہیں ہونی چاہیے۔