سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دورانِ آپریشن 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا

شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان شہید، دہشتگردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ گولہ بارود برآمد ہو اہے۔ آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 31 اکتوبر 2022 21:55

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دورانِ آپریشن 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 اکتوبر 2022ء) ملک بھر میں پاک فوج کا دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دوران آپریشن 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان بھی شہید ہوگئے، دہشتگردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ گولہ بارود برآمد ہو اہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں شاہرگ کے قریب کمان پاس کے علاقے میں آپریشن کیا، دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر آپریشن خفیہ اطلاعات پر کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے، دہشتگردوں کا جواں مردی اور بہادری کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے دو جوانوں سپاہی شفیع اللہ اور سپاہی محمد قیصر نے جام شہادت نوش کیا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دہشتگردوں سے آئی ای ڈیز سمیت بھاری تعداد میں اسلحہ گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مشتبہ ٹھکانے پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے کاروائی کی، سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے بھاگنے کے تمام راستوں کو بند کیا۔علاقے میں دیگر دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔