Live Updates

پی ٹی آئی کے بہت سے لوگ استعفے منظور نہ کرنے کیلئے رابطے میں ہیں ‘خواجہ آصف

پرویز الٰہی نے سیاست میں کبھی لمبا چوڑا رسک نہیں لیا، وہ ہمیشہ بھاری پلڑے کی طرف ہی ہوتے ہیں پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل ہوئیں تو وہاں نیا الیکشن ہوجائے گا،الیکشن تک معیشت میں جان ڈالنے کی کوشش کریں گے

پیر 28 نومبر 2022 16:11

پی ٹی آئی کے بہت سے لوگ استعفے منظور نہ کرنے کیلئے رابطے میں ہیں ‘خواجہ ..
لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2022ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے بہت سے لوگ رابطے میں ہیں کہ استعفے منظور نہ کرنا،پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل ہوئیں تو وہاں نیا الیکشن ہوجائے گا۔انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان قانون اور آئین کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کرتے رہے ہیں، عمران خان نے اپنا آخری کارڈ کھیل لیا ہے، ان کی ساری چالیں اور کارڈ پٹ گئے ہیں، وہ پہلے قومی اسمبلی سے استعفے تو منظور کرائیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ جب صوبائی اسمبلی سے استعفیٰ دیں گے تو دیکھ لیں گے کتنے لوگ استعفیٰ دیتے ہیں، پی ٹی آئی کے بہت سے زائد لوگ رابطے میں ہیں کہ استعفے منظور نہ کرنا۔خواجہ آصف نے کہا کہ اگر پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیاں ٹوٹتی ہیں تو دونوں اسمبلیوں میں نیا الیکشن ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب سے متعلق خواجہ آصف نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی نے سیاست میں کبھی لمبا چوڑا رسک نہیں لیا، وہ ہمیشہ بھاری پلڑے کی طرف ہی ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ بادشاہ والا ذہن تو نہیں رکھ سکتے، اب ہم ملک سے مہنگائی ختم کرنے پر توجہ دیں گے، ہماری کوشش ہوگی کہ عام آدمی کوریلیف ملے، ہم الیکشن تک معیشت میں جان ڈالنے کی کوشش کریں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات