واسا فیصل آباد کے زیر انتظام جائیکا اور ڈنمارک کے اشتراک سے فارن فنڈڈ میگا پراجیکٹ کے حوالے سے خصوصی میٹنگ کا انعقاد

منگل 29 نومبر 2022 22:22

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 نومبر2022ء) واسا فیصل آباد کے زیر انتظام جائیکا اور ڈنمارک کے اشتراک سے فارن فنڈڈ میگا پراجیکٹ کے حوالے سے خصوصی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریک انصاف کے رہنما فیض اللہ کموکا نے بطور رکن قومی اسمبلی خصوصی شرکت کی۔مینجنگ ڈائریکٹر واسا جبار انوربھی موجود تھے۔پراجیکٹ ڈائریکٹر ثاقب رضا نے میگا پراجیکٹس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

آن لائن کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماچوہدری فیض اللہ کموکا نے قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے رکھے ہیں جبکہ سرکاری سطح پر ممبرقومی اسمبلی حیثیت سے تقربیات میں شرکت بھی کرتے ہیں باتسلیمات ڈائریکٹر تعلقات عامہ حکومت پنجاب فیصل آباد کے سرکاری ہینڈ آئوٹ نمبر2865 میںتحریک انصاف کے رہنما فیض اللہ کموکا نے بطور رکن قومی اسمبلی نے اس بریفنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں میگا پراجیکٹس فیصل آباد کے شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی سہولیات کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اس لئے اس حوالے سے جائیکااور ڈنمارک کے شکر گزار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مدینہ ٹائون،آفیسرز کالونی،نعمت کالونی، رسول پورہ سمیت حلقہ این اے 109 میں نکاسی و فراہمی آب کی سہولیات مہیا کرنے کے لئے دیگر ترقیاتی سکیمیں بھی مکمل کی جارہی ہیں جن کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔رکن قومی اسمبلی نے واسا افسران کو ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کام کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔مینجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ فیصل آباد کے شہریوں کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا پراجیکٹ خوش آئند ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کی پینے کے صاف پانی کی ضروریات کافی حد تک پوری ہو جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈنمارک کے تعاون سے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے میگا پراجیکٹ سے شہر میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہاکہ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) اور واسا فیصل آباد کے اشتراک سے شہر کے مشرقی حصے کی آبادیوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے سرفیس واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کا میگا پراجیکٹ تشکیل دیا گیا جس کے تحت اس پلانٹ سے 35 لاکھ گیلن روزانہ پانی حاصل کیا جا سکے گا جسے جائیکا کے تیار کردہ ماسٹر پلان 2018-2038 کے تحت توسیع دے کر 1 کروڑ گیلن روزانہ تک لے جایا جائے گا جبکہ اس منصوبے کی تکمیل سے 2 لاکھ آبادی پینے کے صاف پانی سے مستفید ہو گی،جائیکا اس پراجیکٹ کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر گرانٹ ان ایڈ کے تحت کرے گا جبکہ اس پراجیکٹ کے لئے نہری پانی کے حصول کے لئے محکمہ انہار کی جانب سے منظوری دے دی گئی ہے۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر ثاقب رضا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جائیکا کے اشتراک سے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کامیگا پراجیکٹ 7 ارب 25 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا جس کے لئے 8.47 فیصد رقم لوکل پارٹنر جبکہ 91.53 فیصد رقم فارن پارٹنر خرچ کرے گا جبکہ پراجیکٹ کی سی ڈی ڈبلیو پی سے منظوری 2020 کو حاصل کی جا چکی ہے جبکہ پراجیکٹ کی تکمیل کی مدت 3 سال کے اندر مقرر کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی بحالی اور توسیع کر کے اسے پہلے مرحلے میں 50 لاکھ گیلن روزانہ تک لے جایا جائے گا جبکہ 4.1 کلو میٹر ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائے گی اس کے ساتھ ساتھ 2 گرائونڈ ریزروائر اور 2 اوور ہیڈ ریزروائر تعمیر کئے جائیں گے اسی طرح پرائمری،سکینڈری اور ٹریژری ڈسٹری بیوشن سسٹم بچھایا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ واٹر سپلائی کے استعمال کو کنٹرول کرنے کے لئے واٹر میٹرز بھی انسٹال کئے جائیں گے۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر نے واضح کیا کہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے منصوبے کی تکمیل سے شہر کے مشرقی حصے کی 2 لاکھ سے زائد آبادی پینے کے صاف پانی سے مستفید ہو گی۔ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔میٹنگ کے دوران ڈائریکٹر آپریشنز ایسٹ کامران کاہلوں نے حلقہ این اے 109 میں ترقیاتی سکیموں پر بریفنگ دی جس پر رکن قومی اسمبلی چوہدری فیض اللہ کموکا نے جاری ترقیاتی سکیموں پر کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ تمام فنڈز کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے جبکہ تعمیراتی کاموں میں کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہیے۔

میٹنگ میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹرز عدنان نثار خان،اکرام اللہ اور جائیکا ٹیم کے اراکین سمیت واسا کے دیگر افسران بھی شریک تھے۔