وزیرصحت پنجاب اور سیکرٹری صحت کی زیر صدارت نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے حوالے سے اجلاس،پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا

بدھ 20 اگست 2025 17:30

وزیرصحت پنجاب اور سیکرٹری صحت کی زیر صدارت نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت عظمت محمود خان کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے حوالے سےاجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ذیشان شبیر رانا، سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر احسن وحید راٹھور، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیبہ وسیم، ایڈیشنل سیکرٹری امیر محمد، پروفیسر عنبرین انور، ڈاکٹر ممریز، آئی ڈیپ کے افسران و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ترجمان محکمہ صحت کےمطابق سیکرٹری صحت عظمت محمود خان نے پراجیکٹ پر تازہ پیش رفت کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق حکومت نے صحت کے شعبہ میں اربوں روپےکے انقلابی اور تاریخی پراجیکٹس لانچ کئے ہیں۔

نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ پراجیکٹ کے تحت لاہور میں چلڈرن ہسپتال 2 اینڈ انسٹی ٹیوٹ آف جنیٹک اینڈ بلڈ ڈیزیزز، انسٹی ٹیوٹ آف سرجیکل، آرتھوپیڈک اینڈ میڈیکل ری ہیبلی ٹیشن، سنٹر آف ایکسی لینس فار نرسنگ ایجوکیشن، سپیشلائزڈ میڈیکل ہسپتال، ایک ہزار بستروں پر مشتمل کارڈیک ہسپتال، میڈیکل یونیورسٹی اور سٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیگناسٹک لیب بنائی جائے گی۔

آئی ڈیپ کو صحت کے تمام نئے پراجیکٹس پر تیزی سے کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حکومت پنجاب صوبہ بھرمیں عوام کی سہولت کے لئے نئے سرکاری ہسپتالوں کا جال بچھا رہی ہے۔عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی وزیر اعلی پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف چاہتی ہیں کہ عوام کو صحت کی سہولیات میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔صوبائی سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے کہاکہ متعلقہ افسران نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے پراجیکٹ کو مسلسل مانیٹر کررہے ہیں۔