بلدیہ اعلی حیدرآبادکے ملازمین دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی بدولت فاقہ کشی کی زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں ،متحدہ قومی موومنٹ پاکستان حیدر آباد

پیر 5 دسمبر 2022 22:30

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2022ء) بلدیہ اعلی حیدرآبادکے ملازمین دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی بدولت فاقہ کشی کی زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں اور ایچ ایم سی کے ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر حیدرآباد چین کی بانسری بجا رہے ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہے۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی حیدرآباد نے اپنے مشترکہ بیان میں ایچ ایم سی کے ایڈمنسٹریٹر کا اضافی چارج ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کو دینے کے عمل کو شہر اور ایچ ایم سی ملازمین کی پریشانی اور بد حالی قرار دیتے ہوئے کہاکہ ایم کیو ایم کے ارکان صوبائی اسمبلی حیدر آباد شہر کو تباہ کرنے والے سرکاری افسران کا محاسبہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ اور راشی افسران کی بے حسی کی بدولت سیکڑوں بلدیہ اعلی کے ملازمین کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت ہے اور پورے شہرمیں صفائی ستھرائی کے نظام پر مامور بلدیہ اعلی کے سیکڑوں ملازمین کے اپنے گھروں میں صورتحال انتہائی ابترہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملازمین کے پاس اپنے اہل خانہ کے علاج معالجے کے لئے پیسے نہیں ہیں، تعلیمی اخراجات کی سکت نہ ہونے سے بچے تعلیم سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین کی ماہانہ تنخواہ ان کی آمدنی کا واحد ذریعہ ہوتا ہے اگر اس کی ادائیگی میں تاخیر ہوتی ہے تو انہیں بڑے پیمانے پر نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو وقت پر تنخواہ نہیں ملی اس کی اہم وجہ بلدیہ اعلی حیدرآباد کا ایڈمنسٹریٹر کا نہ ہونا اور ڈپٹی کمشنر کو اضافی چارچ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ فوری طور پر نیا ایڈمنسٹریٹر تعینات کرے تاکہ بلدیہ اعلی حیدرآباد کے معاملات صحیح طریقے سے چل سکیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایڈمنسٹر یٹر ملازمین کی مشکلات کم کرنے کے لئے تنخواہوں کے فوری اجرا کو یقینی بنائے ورنہ ملازمین کے ساتھ مل کر کرپٹ و راشی اور نا اہل افسران کا محاسبہ کیا جائے گا۔