نشان حیدر میجر شبیر شریف شہید کا 51 واں یوم شہادت منایا گیا

جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل ملک امیر محمد خان نے شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا،سول و عسکری حکام ،شہید کے لواحقین کی بھی شرکت

منگل 6 دسمبر 2022 18:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2022ء) حویلی لکھا کے سرحدی علاقے سلیمانکی سیکٹر میں1971ء کی پاک بھارت جنگ میں پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کو ناکوں چنے چبوانے والے پاکستان کے عظیم سپوت میجر شبیر شریف شہید کا 51 واں یوم شہادت منگل کے روز منایا گیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل ملک امیر محمد خان نے میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سول و عسکری حکام اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔میجر شبیر شریف شہید 28اپریل 1943ء کو پنجاب کے ضلع گجرات میں پیدا ہوئے، 19اپریل 1964ء کو پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا،3 دسمبر 1971ء کو میجر شبیر شریف شہید سلیمانکی سیکٹر میں فرنٹیئر فورس رجمنٹ کی ایک کمپنی کی کمانڈ کر رہے تھے، ان کو ایک اونچے بند پر قبضہ کرنے کی مہم سونپی گئی جہاں سے دو گاں گورمکھ کھڑا اور بیری والا زد میں آ سکتے تھے ۔

(جاری ہے)

میجر شبیر شریف شہید کو اس پوزیشن تک پہنچنے کے لئے پہلے دشمن کی بارودی سرنگوں کے علاقے سے گزرنا تھا اور پھر 100 فٹ چوڑی اور 18 فٹ گہری ایک دفاعی نہر ثبونہ کو تیر کر عبور کرنا تھا ، دشمن کی شدید گولہ باری کے باوجود مشکل مرحلہ طے کیا اور اپنی کمپنی کی قیادت کرتے ہوئے دشمن پر سامنے سے ٹوٹ پڑے ۔3 دسمبر کی شام تک اس کی قلعہ بندیوں سے باہر نکال دیا، گھمسان کے اس معرکہ میں دشمن کے 43سپاہی مار دیئے اور 28 کو قیدی بنا لیا گیا، متعدد ٹینکوں کو بھی تباہ کر دیا، بھارتی فوج کے کمانڈر میجر نارائن کو ہلاک کرکے اس کے قبضے سے قیمتی دستاویزات حاصل کر لیں۔

6 دسمبر کی دوپہر کو دشمن کے ایک اور حملے کا دفاع کرتے ہوئے میجر شبیر شریف شہید اپنے توپچی کی اینٹی آئر کرفٹ گن سے دشمن کے ٹینکوں پر گولہ باری کر رہے تھے کہ دشمن کے ٹینک کا ایک گولہ انہیں آ لگا اور وہ شہید ہو گئے ۔دشمن کا مردانہ وار مقابلہ کرنے پر گورنمنٹ پاکستان کی جانب سے میجر شبیر شریف شہید کو نشان حیدر سے نوازا گیا۔میجر شبیر شریف شہید واحد فوجی افسر ہیں جن کو نشان جرات اور نشان حیدر عطا کیا گیا۔