اللہ تعالیٰ نے انسان کو زندگی بسر کرنے کے لئے ایک مکمل ضابطہ حیات دیا ،سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

جمعہ 9 دسمبر 2022 22:33

اللہ تعالیٰ نے انسان کو زندگی بسر کرنے کے لئے ایک مکمل ضابطہ حیات دیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2022ء) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو زندگی بسر کرنے کے لئے ایک مکمل ضابطہ حیات دیا ہے جس میں انسانی حقوق سرفہرست ہیں، تمام مذاہب کا محور حرمت انسانی ہے، خاتم النبین حضرت محمّد ﷺ کا خطبہ حجتہ الوداع کا بنیادی جزو حقوق العباد ہے ، قرآن پاک میں انسانی حقوق کا ایک مکمل ضابطہ متعین ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر کیا جو ہر سال 10 دسمبر کو منایا جاتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا آئین شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی مکمل ضمانت دیتا ہے۔ پارلیمان میں شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی نگرانی کیلئے قائمہ کمیٹی برائے حقوق قائم کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور موجودہ حکومت اپنی اس ذمہ داری سے بخوبی آگاہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انسانی حقوق کے عالمی چارٹر پر دستخط کیے ہیں اور اس ضمن میں بین الاقوامی سطح پر کئے گئے وعدوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک میں انسانی حقوق کا ایک مکمل ضابطہ متعین ہے اس میں انسانی حقوق کے تحفظ کی سخت وعید فرمائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموشی ناقابل فہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام پر ہونے والے مظالم اور بربریت انسانیت کی تذلیل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں ہزاروں بے گناہ معصوم بچوں کا قتل عام اور خواتین کی عصمت دری کے واقعات انتہائی افسوس ناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ اسلام نے حقوق العباد کو ادا کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں رہنے والے تمام طبقات کو یکساں حقوق کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے حقوق مسلسل پامال کئے جا رہیں ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرنے والے دیگر اداروں پر زور دیا کہ فلسطین اور کشمیر سمیت ظلم و بربریت کا شکار دیگر اقوام کو یکساں حقوق دلانے اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔