وزیراعلی آفس میں کرسمس تقریب، چوہدری پرویز الہی کاکچی آبادیوں میں مقیم اقلیتوں کو مالکانہ حقوق دینے کا اعلان

ہفتہ 24 دسمبر 2022 22:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 دسمبر2022ء) وزیراعلی آفس پنجاب میں کرسمس کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلی چوہدری پرویز الہی مہمان خصوصی تھے۔انہوں نے مسیحی اور دیگر اقلیتی برادریوں کے ساتھ مل کر کرسمس کا کیک کاٹا اور کہا کہ میں مسیحی برادری کو کرسمس کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں نے اپنے سابقہ دور میں یوحنا آباد اور قصور میں خود جا کر مسیحی افراد کو مالکانہ حقوق دیئے تھے اور آج کرسمس کے موقع پر ایک بار پھر کچی آبادیوں میں مقیم اقلیتوں کو مالکانہ حقوق دینے کا اعلان کرتا ہوں۔

انہو ں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جہاں کچی آبادیوں میں مقیم مسلمانوں کو مالکانہ حقوق دیں گے، وہاں اقلیتوں کو بھی مالکانہ حقوق دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ہمارے پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کیلئے رکھا ہے، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہمارا فرض ہے، ملازمتوں میں اقلیتوں کا کوٹہ2 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد مقرر کیا ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ اقلیتی برادری کے مذہبی تہواروں پر خصوصی فنڈز فراہم کئے جاتے ہیں، گرجا گھروں کی تعمیر و مرمت کیلئے فنڈز کو بڑھا کر کروڑوں میں پہنچا دیا ہے،جو فنڈز اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کیلئے فراہم کئے ہیں وہ انہی پر خرچ کر رہے ہیں۔ چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل حل کئے جائیں گے،اقلیتی برادری کے اراکین اسمبلی کے حلقوں کو مزید مضبوط بنائیں گے،اقلیتی برادری کے لئے میرے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں اور میری نیک نیتی سے کوشش ہے کہ آپ کے تمام مسائل کو حل کیا جائے۔

اراکین پنجاب اسمبلی ہبکوک رفیق ببو، مہندر پال سنگھ، سموئیل یعقوب، یوڈیسٹرچوہان، فوزیہ،سائرہ رضا، پولیٹیکل اسسٹنٹس روبنسن عزیز فرانسیز، عروج رضا سیامی،سمیرا ملک، آرچ بشپ سبسٹین آرچ بشپ آف لاہور، ڈاکٹر مجید ایبل ماڈریٹر پریسبیٹیرین چرچ آف پاکستان، سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور، سیکرٹری اطلاعات اور دیگر حکام نے تقریب میں شرکت کی۔