نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے 21 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان

اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ شرجیل خان کی برسوں بعد ٹیم میں واپسی کا امکان، فخر زمان کو ڈراپ کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی بدھ 28 دسمبر 2022 20:30

نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے 21 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 دسمبر2022ء) نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے 21 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان، اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ شرجیل خان کی برسوں بعد ٹیم میں واپسی کا امکان، فخر زمان کو ڈراپ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اگلے ماہ نیوزی لینڈ کیخلاف شیڈول ایک روزہ میچز کی سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری قومی سلیکشن کمیٹی نے 21ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔

 بتایا گیا ہے کہ سلیکشن کمیٹی پاکستان کپ کے اختتام پر حتمی 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کرے گی۔ شاہد آفریدی کی سربراہی میں کام کرنے والی عبوری سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کیخلاف ایک روزہ میچز کی سیریز کیلئے کچھ غیر متوقع فیصلے کیے ہیں۔ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزا پانے والے اوپنر شرجیل خان اور شان مسعود کو بھی ممکنہ فہرست میں شامل کیا گیا ہے جبکہ 21 رکنی ابتدائی اسکواڈ میں 6 ایسے کھلاڑی بھی شامل کیے گئے ہیں جن کا ایک روز کرکٹ کیرئیر تاحال شروع نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

ابرار احمد، عامر جمال، احسان اللہ، کامران غلام، قاسم اکرم اور طیب طاہر ایسے کرکٹرز ہیں جن کا انٹرنیشنل ایک روزہ میچز کیریر ابھی شروع نہیں ہوا۔ جبکہ پاکستان کی گزشتہ ایک روزہ میچز کی سیریز میں اور پاکستان کپ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے باوجود فخر زمان کو ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ خوشدل شاہ بھی ٹیم سے آوٹ کر دیے گئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی انجری کے باعث سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔

سلیکشن کمیٹی کی جانب اعلان کردہ ممکنہ کھلاڑیوں میں بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، عامر جمال، حارث رئوف، حسن علی، احسان اللہ، امام الحق، کامران غلام، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، نسیم شاہ، قاسم اکرم، سلمان علی آغا، شاداب خان، شاہنواز دہانی، شان مسعود، شرجیل خان اور طیب طاہرشامل ہیں۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف ایک روزہ میچز 9، 11 اور 13جنوری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔