معیاری نظام تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،ڈی پی او بٹگرام

جمعرات 19 جنوری 2023 10:10

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2023ء) ڈی پی او بٹگرام سونیا شمروز خان نے کہا ہے کہ معیاری نظام تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، جو ہونہار طلباء و طالبات آج پوزیشنیں لے رہے ہیں یہی طلباء کل ملک و قوم کی قیادت کریں گے، گلوبل ویلج اکیڈمی بٹگرام ایک اچھا ادارہ ہے جہاں پر تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے، یہ ضلع بٹگرام کے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ ادارہ ہذا انتہائی معیاری تعلیم ان کی دہلیز پر مہیا کر رہا ہے۔

وہ یہاں گلوبل ویلج اکیڈمی میں طلباء کی کردار سازی سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا انہیں خوشی ہے کہ اس ادارہ میں صرف تعلیم نہیں بلکہ مستقبل کے چلنجز سے نمٹنے کیلئے بھی تمام شعبوں پر توجہ دی جا رہی ہے، نوجوان طلباء و طالبات معاشرے کی اصلاح کیلئے بھی ایک فورس ہے اس لئے وہ طلباء و طالبات کو دیں گی وہ معاشرہ کی اصلاح کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

ڈی پی او سونیا شمروز نے مزید کہا کہ پولیس ایک بہترین اور محفوظ ادارہ ہے، طالبات اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کیلئے بلا جھجھک محکمہ پولیس جوائن کر سکتی ہیں، اس وقت ہماری سوسائٹی کو جو سنگین مسئلہ درپیش ہے وہ منشیات ہے اور اس لعنت کے خلاف اعلیٰ تعلیم سے مسلح نوجوان طلباء و طالبات بہت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے سکول انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ ایسے پروگرامز کا بھی انعقاد کریں جن میں سماجی برائیوں کے خلاف مل جل کر کام کیا جائے اور اس حوالہ سے باقاعدہ تربیتی پروگرامز منعقد کئے جائیں تاکہ ایک پرامن اور کرائم فری معاشرہ تشکیل پا سکے۔

سکول کے پرنسپل گل بادشاہ نے ڈی پی او بٹگرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج اپنی ایک بہترین پولیس آفیسر جو ہماری خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں، کو اپنے درمیان پا کر ہمارے طلباء و طالبات کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، انشاء اللہ آپ کی یہ کاوشیں ملک و قوم کی ترقی کا باعث بنیں گی۔ قبل ازیں سکول کے بچوں اور انتظامیہ نے ڈی پی او بٹگرام سونیا شمروز خان کا سکول پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا۔