دبئی کو دنیا بھر میں چھٹیاں منانے والوں کے پسندیدہ شہر کا درجہ مل گیا

’ٹرپ ایڈوائزر‘ کے ٹریولرز چوائس ایوارڈز میں دبئی کو تعطیلات گزارنے کیلئے بہترین منزل قرار دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 19 جنوری 2023 10:36

دبئی کو دنیا بھر میں چھٹیاں منانے والوں کے پسندیدہ شہر کا درجہ مل گیا
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 جنوری 2023ء ) متحدہ عرب امارات کی معروف ریاست دبئی کو چھٹیاں منانے والوں کے لیے دنیا کا بہترین مقام قرار دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سیاحتی سرگرمیوں کے حوالے سے دنیا کے معروف ویب پورٹل ’ٹرپ ایڈوائزر TripAdvisor‘ کے ٹریولرز چوائس ایوارڈز میں دبئی کو 2023ء کے لیے دنیا بھر میں چھٹیاں منانے والوں کے لیے بہترین منزل کا درجہ دیا گیا ہے، سالانہ ایوارڈز لاکھوں مسافروں کے جائزوں کی بنیاد پر جاری کیے جاتے ہیں جو ٹرپ ایڈوائزر کی ویب سائٹ پر جمع کرائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹرپ ایڈوائزر انتظامیہ نے کہا ہے کہ دبئی ایک ایسی منزل ہے جو تاریخ کے ساتھ جدید ثقافت، عالمی معیار کی شاپنگ اور تفریح کے ساتھ ایڈونچر کو ملاتی ہے، اگر آپ سنسنی تلاش کر رہے ہیں تو دبئی میں آپ ایک گرم ہوا کے غبارے میں صحرا کے ٹیلوں کے اوپر اڑ سکتے ہیں، تیز رفتار سواری پر چڑھ سکتے ہیں، آئی ایم جی ورلڈز آف ایڈونچر یا پام جمیرہ کے اوپر اسکائی ڈائیو کے مزے بھی لے سکتے ہیں، سال 2023ء کے لیے بہترین سفری مقامات کی فہرست درج ذیل ہے؛ 
> دبئی، یو اے ای
> بالی، انڈونیشیا
> لندن، برطانیہ
> روم، اٹلی
> پیرس، فرانس
> کینکون، میکسیکو
> کریٹ، یونان
> مراکش، مراکش
> ڈومینیکن ریپبلک
> استنبول، ترکی
تازہ ترین ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل کا کہنا ہے کہ 2022ء میں دبئی نے دنیا کے تمام شہروں میں سب سے زیادہ سیاحوں کے اخراجات وصول کیے، جو 108 بلین درہم تک پہنچ گئے جب کہ امارات کو حال ہی میں سیاحت، رئیل اسٹیٹ اور اقتصادی ترقی میں ایک سرکردہ عالمی مشیر کی جانب سے دنیا کے بہترین شہروں کی رپورٹ 2023 میں علاقائی طور پر پہلا اور دنیا کا پانچواں بہترین شہر قرار دیا گیا ہے۔