دبئی غیرملکیوں کیلئے دنیا کے ٹاپ 3 بہترین شہروں میں شامل

ایکسپیٹ سٹی رینکنگ 2022 میں انٹر نیشنز کی طرف سے سرفہرست 3 مقامات میں ویلنشیا، دبئی اور میکسیکو سٹی شامل ہیں

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 21 جنوری 2023 11:24

دبئی غیرملکیوں کیلئے دنیا کے ٹاپ 3 بہترین شہروں میں شامل
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 جنوری 2023ء ) متحدہ عرب امارات کی معروف ریاست دبئی کو غیرملکیوں کے لیے دنیا کے ٹاپ 3 شہروں میں شمار کرلیا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق ایکسپیٹ سٹی رینکنگ 2022 میں انٹر نیشنز کی طرف سے سرفہرست 3 مقامات میں ویلنسیا، دبئی، اور میکسیکو سٹی شامل ہیں، جہاں رہائش میں آسانی کی بات آتی ہے تو یہ تینوں شہر بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں، ان شہروں کی درجہ بندی میں دبئی دوسری پوزیشن پر آگیا، زیادہ تر تارکین وطن نے سروے میں بتایا کہ دبئی میں مقامی حکام سے نمٹنا آسان ہے، اس حوالے سے عالمی سطح پر 40 فیصد کی نسبت دبئی میں اس کی شرح 66 فیصد ہے اور عالمی سطح پر61 فیصد کے مقابلے میں دبئی میں 88 فیصد غیرملکی شہر کی جانب سے آن لائن دستیاب سرکاری خدمات سے خوش ہیں جب کہ 70 فیصد غیرملکی رہائشیوں نے کہا کہ وہ اپنی ملازمتوں سے مطمئن ہیں اور انہیں یقین ہے کہ مقامی کاروباری ثقافت تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح دبئی کو چھٹیاں منانے والوں کے لیے دنیا کا بہترین مقام بھی قرار دیا گیا۔ ہے، سیاحتی سرگرمیوں کے حوالے سے دنیا کے معروف ویب پورٹل ’ٹرپ ایڈوائزر TripAdvisor‘ کے ٹریولرز چوائس ایوارڈز میں دبئی کو 2023ء کے لیے دنیا بھر میں چھٹیاں منانے والوں کے لیے بہترین منزل کا درجہ دیا گیا ہے، سالانہ ایوارڈز لاکھوں مسافروں کے جائزوں کی بنیاد پر جاری کیے جاتے ہیں جو ٹرپ ایڈوائزر کی ویب سائٹ پر جمع کرائے جاتے ہیں۔

ٹرپ ایڈوائزر انتظامیہ نے کہا ہے کہ دبئی ایک ایسی منزل ہے جو تاریخ کے ساتھ جدید ثقافت، عالمی معیار کی شاپنگ اور تفریح کے ساتھ ایڈونچر کو ملاتی ہے، اگر آپ سنسنی تلاش کر رہے ہیں تو دبئی میں آپ ایک گرم ہوا کے غبارے میں صحرا کے ٹیلوں کے اوپر اڑ سکتے ہیں، تیز رفتار سواری پر چڑھ سکتے ہیں، آئی ایم جی ورلڈز آف ایڈونچر یا پام جمیرہ کے اوپر اسکائی ڈائیو کے مزے بھی لے سکتے ہیں۔