پی ایس ایل سین 8، شائقین ’’ہمارے ہیروز ‘‘ کو نامزد کریں گے

منگل 24 جنوری 2023 22:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2023ء) پاکستان کے کرکٹ شائقین پی سی بی) کے ’’ہمارے ہیروز ‘‘ اقدام کے تحت ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8کے دوران ہیروز کو نامزد کریں گے۔ پی سی بی سے منگل کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق شائقین نامزدگی فارم پر کرکے اور ہفتہ28جنوری سے پہلے جمع کر کے اپنی تجاویز پیش کر سکتے ہیں۔ حتمی فہرست پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی، سلیمہ ہاشمی، عمر سیف اور نیئر علی دادا پر مشتمل پینل کو پیش کی جائے گی۔

کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ کے دوران زیادہ سے زیادہ نامزدگیوں والے 34 امیدواروں کو تسلیم کیا جائے گا۔ شائقین کو کھیل، تعلیم، صحت ، آرٹ، ثقافت، موسیقی، سماجی خدمات، کاروبار، ٹیکنالوجی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے اپنی پسندیدہ شخصیات منتخب کرنے کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

پی سی بی اپنے برانڈ کا استعمال کرتے ہوئے ملک کے امیج کو مزید بڑھانے کے لیے ان افراد کی حوصلہ افزائی کرے گا۔

پی ایس ایل کے شائقین زیادہ سے زیادہ دو افراد(ہر زمرے میں ایک)کو نامزد کر کے ہیروز کا اجاگرکرسکتے ہیں۔ ایسے افراد یا تنظیمیں جو براہ راست دوسروں کی مدد کرتے ہیں، جن کا کام دوسروں کی بھلائی کو بہتر بنا رہا ہے یا جن کی کامیابیاں دوسروں کو متاثر کر رہی ہیں، کو نامزد کیا جاسکتا ہے۔