بحیثیت قوم مل کر دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے

خیبرپختونخواہ پولیس دہشت گردی کے خلاف اگلے محاذ پر لڑنے والی بہادر فورس ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی خیبرپختونخواہ پولیس کے جوانوں اور افسروں سے ملاقات

muhammad ali محمد علی ہفتہ 4 فروری 2023 00:19

بحیثیت قوم مل کر دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 فروری2023ء) آرمی چیف کا کہنا ہے کہ بحیثیت قوم مل کر دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جمعہ کے روز پشاور پولیس لائن دھماکے کے مقام کا دورہ کیا۔ اس دوران سپہ سالار نے خیبرپختونخواہ پولیس کے جوانوں اور افسروں سے ملاقات کی۔

آرمی چیف نے خیبر پختونخواہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بلند عزم کو سراہا، وطن کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات کے دوران آرمی چیف نے خیبر پختونخواہ پولیس کی بہادری اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صوبائی پولیس فورس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخواہ پولیس دہشت گردی کے خلاف اگلے محاذ پر لڑنے والی بہادر فورس ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ دوسری جانب ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، حساس اداروں کے نمائندوں نے سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے وفاق اور صوبوں کے درمیان حکمت عملی اپنانے پر اصولی اتفاق کیا گیا۔

دہشتگردوں کی معاونت کرنے والے تمام ذرائع ختم کرنے پربھی اتفاق کیا گیا۔ ایپکس کمیٹی اجلاس کے شرکا کو دہشتگردوں کیخلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی، موجودہ حالات کے مطابق نیشنل ایکشن پلان میں مزید بہتری کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب کی طرز پر خیبرپختونخوا میں جدید فرانزک لیبارٹری قائم کرنے کی بھی منظوری کی گئی۔ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں اسلام آباد اور لاہورجیسا سیف سٹی منصوبہ شروع ہوگا، دہشتگردوں کیخلاف تحقیقات، پراسیکیوشن اور سزا کے مراحل پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں نیکٹا، سی ٹی ڈی اور پولیس کی اپ گریڈیشن کی تجاویز کی منظوری بھی دی گئی۔ تربیت، اسلحہ، ٹیکنالوجی اور دیگر ضروری سازوسامان کی فراہمی کی تجاویز کی اصولی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں فوری طور پر’’سی ٹی ڈی‘‘ ہیڈ کوارٹر کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔ پولیس، سی ٹی ڈی کی تربیت، استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا۔ سیکیورٹی اہلکاروں کو جدید آلات فراہم کئے جائیں گے، اجلاس میں بارڈر منیجمنٹ کنٹرول اور امیگریشن کے نظام کے حوالے سے جائزہ لیا گیا، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ضرورت کے مطابق قانون سازی کی جائے گی۔