فلم پٹھان کے گانے پر یوگی آدتیہ ناتھ نے تبصرہ کردیا

فلم نے صرف بھارت تقریباً 430 کروڑ کا بزنس کرلیا ہے جبکہ دنیا بھر میں اس کی کمائی 832 کروڑ سے زائد ہوچکی ہے

منگل 7 فروری 2023 12:45

فلم پٹھان کے گانے پر یوگی آدتیہ ناتھ نے تبصرہ کردیا
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2023ء) بھارتی ریاست اتر پردیش (یوپی) کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ کی فلم پٹھان کے گانے پر تبصرہ کردیا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گانے بے شرم رنگ میں فلمائے گئے مناظر پر یوگی آدتیہ ناتھ نے گفتگو کی اور کہا کہ فلم میں ایسے مناظر نہیں ہونے چاہئیں، جس سے جذبات مجروح ہوں۔

یوگی آدتیہ ناتھ نے فلم پٹھان کے گانے بے شرم رنگ کے معاملے پر چل رہے تنازع پر گفتگو کی اور کہا کہ فلم ڈائریکٹر کو ایسے مناظر سے بچنا چاہیے تاکہ تنازع سے بچا جاسکے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یوپی کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہت سے لوگوں نے گانے سے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچنے سے متعلق اعتراض کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فلم ڈائریکٹر کو یہ بات یقینی بنانی چاہیے کہ کوئی ایسا منظر عکس بند نہ ہو جو تنازع کو جنم دے۔

(جاری ہے)

یوگی ادتیا ناتھ نے یہ بھی کہا کہ ہمیں کسی بھی فنکار یا ادیب کے کام کا احترام کرنا چاہیے، ہماری ریاست نے بھی فلموں سے متعلق پالیسی بنائی ہے۔پٹھان فلم گانے کی ریلیز کے بعد تنازعات میں گِھر گئی تھی، دیپیکا پڈوکون کے لباس کی وجہ سے لوگوں نے اسے تنقید کا نشانہ بنایا۔گانے کے ایک منظر میں اداکارہ نے زعفرانی رنگ کا لباس زیب تن کر رکھا ہے، یہی وجہ ہے کہ فلم پٹھان کے بائیکاٹ کی سوشل میڈیا پر مہم چلی۔

25 جنوری کو ریلیز کے دن فلم کے مارننگ شوز منسوخ کیے گئے لیکن ان مشکلات کے باوجود پٹھان نے باکس آفس پر زبردست کامیابی سمیٹی ہے۔یش راج فلمز کے مطابق پٹھان نے صرف بھارت تقریباً 430 کروڑ کا بزنس کرلیا ہے جبکہ دنیا بھر میں اس کی کمائی 832 کروڑ سے زائد ہوچکی ہے۔اس سے قبل شاہ رخ خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ ہم ہیرو کا کردار نبھائیں یا ولن کا، ہم سب کا مقصد ایک ہی ہوتا ہے، جو خوشی، بھائی چارہ، محبت اور احترام کا ابلاغ ہے۔