گورنرپنجاب سے تاجر بورڈ کے وفد کی ملاقات ، مسائل سے آگاہ کیا

بدھ 8 فروری 2023 21:39

گورنرپنجاب سے تاجر بورڈ کے وفد کی ملاقات ، مسائل سے آگاہ کیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2023ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے بدھ کویہاں گورنر ہائوس لاہور میں شاہدرہ تاجر بورڈ کے وفد نے صدر انجمن تاجران جی ٹی روڈ شاہدرہ عبدالرئوف نیازی کی سربراہی میں ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے تاجر برادری سمیت سب کو مل کر مثبت کردار کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت معاشی چیلنجز سمیت معاشرتی و دیگر مسائل کا شکار ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کاروباری برادری کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلا شبہ کاروبار ی حضرات ٹیکس دے کر ملک کی معیشت میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ کئی لوگوں کو روزگار دینے کا ذریعہ بھی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کا ملکی معیشت کی بہتری کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی اہم کردار ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ دہشت گردی کا عفریب پھر سے سر اٹھا رہا ہے،دہشت گرد ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن ساری قوم کو متحد ہو کر ان کے مذموم ارادوں کو ناکام بنانا ہے۔اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے گورنر پنجاب کو شاہدرہ میں ناقص منصوبہ بندی اور عجلت میں عوامی امنگوں کے برعکس فلائی اوور منصوبہ پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر صدر انجمن تاجران جی ٹی روڈ شاہدرہ عبدالرئوف نیازی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعلی پنجاب نے شاہدرہ چوک فلائی اوور منصوبہ کو محدود کرکے نا صرف شاہدرہ کی عوام کے ساتھ زیادتی کی ہے بلکہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے عوام کے اربوں روپے کے ضیاع کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تکنیکی مراحل مکمل کیے بغیر منصوبہ کا ٹینڈر ایوارڈ کردیا گیا ہے جو بدنیتی ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے امامیہ کالونی پھاٹک فلائی اوور منصوبہ کی منظوری دیدی ہے۔تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کے اشتراک سے ان منصوبوں کو یکجا کر کے ایک جامع اور کارآمد منصوبہ بنایا جائے۔ تاجروں نے گورنر پنجاب سے ایک اعلی سطح کی کمیٹی بنانے کا مطالبہ بھی کیا جو ان کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے کو مکمل کرائے۔ گورنر پنجاب نے تاجر برادری کو درپیش مسائل متعلقہ محکموں تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی ۔وفد میں اشتیاق احمد، مجاہد نذیر اعوان، میاں محمد عارف، میاں اسامہ، عبدالقدیر خان۔،اجمل خان لودھی، محمد شفیق سلطانی اور چوہدری زاہد اقبال شامل تھے۔