پشاور سے کراچی جانے والی ٹرین دو حصوں میں تقسیم ہو گئی

علامہ اقبال ایکسپریس کی بوگیاں ایک ٹریک سے دوسرے ٹریک پر جاتے ہوئے کوٹری سٹیشن کے قریب الگ ہو گئیں،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 9 فروری 2023 11:44

پشاور سے کراچی جانے والی ٹرین دو حصوں میں تقسیم ہو گئی
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔09 فروری 2023ء ) پشاور سے کراچی جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کوٹری میں دو حصوں میں تقسیم ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور سے کراچی جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کی بوگیاں کوٹری سٹیشن کے قریب الگ ہو گئیں، خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ریلوے انتظامیہ کے مطابق ٹرین تیز رفتاری کے سبب ایک ٹریک سے دوسرے ٹریک پر جاتے ہوئے دو حصوں میں تقسیم ہو گئی ۔

مسافروں کو متاثر ہونے والی ایک بوگی سے اتار دیا گیا۔ حادثے کے سبب حیدرآباد سے کراچی کی آمدوروفت معطل ہو گئی، ٹرینوں کو حیدرآباد سٹیشن پر روک دیا گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان ریلوے نے کوہاٹ سمیت ملک بھر میں مسافرٹرینوںکے کرایوں میںایک بار پھربڑا اضافہ کردیا جو  6 فروری سے فوری طورپرنافذ العمل ہوگا۔

(جاری ہے)

پاکستان ریلوے حکام کے مطابق ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑھتے ہوئے اضافہ کے پیش نظر ریلوے کے کرائے بھی بڑھادئے گئے ۔

ریلوے حکام کے مطابق ملک بھر میں مختلف شہروں کے مابین چلنے والے مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں تقریباً 8 سی10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ پاکستان ریلوے نے ملک بھر میں ٹرینوں کے لئے نیا کرایہ نامہ جاری کردیا ہے جس پر آج 6 فروری 2023 سے عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔ ریلوے حکام کے مطابق کوہاٹ سے راولپنڈی جانے والے کوہاٹ ایکسپریس کے کرایہ میں بھی تقریباً نو(9) فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور کوہاٹ سے راولپنڈی جانے والی ٹرین کا یکطرفہ کرایہ اب 350 روپے سے بڑھ کر 380 روپے ہوگیا ہے۔ایک محتاط اندازے کے مطابق نومبر2021 سے جنوری 2023 تک پندرہ ماہ کے عرصہ میں پاکستان ریلوے نے مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں مجموعی طورپر65 فیصد اضافہ کردیا ہے۔