Live Updates

نیب ترامیم کیس،سپریم کورٹ میں دوران سماعت عام انتخابات کا تذکرہ

ملک میں تمام مسائل کا حل عوام کے فیصلے سے ہی ممکن ہے،موجودہ پارلیمنٹ کو دانستہ طور پر نامکمل رکھا گیا ہے،چیف جسٹس پاکستان

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 9 فروری 2023 13:36

نیب ترامیم کیس،سپریم کورٹ میں دوران سماعت عام انتخابات کا تذکرہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 09 فروری 2023ء) سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیس میں عام انتخابات کا تذکرہ،چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دئیے کہ ملک میں تمام مسائل کا حل عوام کے فیصلے سے ہی ممکن ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیخلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں بینچ نے سماعت کی۔

دوران سماعت عدالت میں عام انتخابات کا تذکرہ کیا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ملک میں تمام مسائل کا حل عوام کے فیصلے سے ہی ممکن ہے،موجودہ حکومت کے قیام کو 8 ماہ ہو چکے ہیں،الیکشن کمیشن نے اسپیکر رولنگ میں کہا تھا کہ نومبر 2022 میں انتخابات کرانے کیلئے تیار ہوں گے۔ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دئیے کہ موجودہ پارلیمنٹ دانستہ طور پر نامکمل رکھا گیا ہے،موجودہ پارلیمنٹ سے ہونے والی قانون سازی بھی متنازع ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت حکومتی وکیل مخدوم علی خان نےکہا کہ عمران خان کو درخواست دائر کرنے کا کوئی استحقاق نہیں تھا،عدالت کو دیکھنا ہے کہ بنیادی حق کے تحت مقدمات کا معیار کیا ہے،کیا کوئی بھی شخص اٹھ کر مفروضے پر قانون سازی چیلنج کر سکتا ہے۔ چیف جسٹس نے عمران خان کو استحقاق نہ ہونے کا اعتراض مسترد کر دیا اور ریمارکس دئیے کہ درخواست گزار عمران خان عام آدمی نہیں ہے۔

عمران خان ملک کی بڑی پارٹی کے سربراہ ہیں اور وہ سابق وزیراعظم رہ چکے ہیں،سیاسی تنازعات کے باعث انکی پارٹی نے پارلیمنٹ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا،عمران خان کی پارٹی نے ذہن تبدیل کیا وہ واپس آنے چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس نے یہ بھی ریمارکس دئیے کہ اس وقت پارلیمنٹ کا حصہ نہیں تاہم پارلیمنٹ موجود ہے،ایسے میں اگر وہ قانون سازی کو چیلنج کرتے ہیں تو انہیں استحقاق حاصل ہے،اس لیے آپ یہ اعتراض نہیں کر سکتے کہ عمران خان کو استحقاق نہیں تھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز نیب ترامیم کیس میں نیب نے ریفرنسز سے متعلق تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیں،2019 سے جون 2022 تک 50 نیب ریفرنسز واپس ہوئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات